(24 نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی شرمناک اقدام ہے، مہنگائی ، لاقانونیت اور دہشتگردی پھر واپس آ رہی ہے، عمران خان کو لندن بھاگنےکی اجازت نہیں دیں گے۔
ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جج نے نیب سے بار بار ثبوت مانگے، اگر میرے خلاف کوئی ثبوت ہوتا تو عدالت میں پیش کیا جاتا، نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے 4 ہفتے کی مہلت مانگ لی۔ جب آپ کے پاس ثبوت نہیں ہوں گے تو مہلت ہی مانگیں گے۔ آج نیب نے تیسرا پراسیکیوٹر تبدیل کیا ہے۔ اس کیس کو اتنا مت لٹکائیں، انصاف ہونے دیں۔ ہر پیشی پر آتی ہوں، نیب کو اتنی ڈھیل نہیں دی جانی چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں:طلبا کیلئے اہم خبر۔ امتحانات کا طریقہ کار تبدیل کردیا گیا
مریم نواز نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 12 روپے کا اضافہ شرم کا مقام ہے، عوام کو سرکاری پٹرول کی سہولت میسر نہیں، دنیا کا پہلا وزیراعظم ہے جو بنی گالہ سے وزیراعظم آفس ہیلی کاپٹر پر آتا ہے۔ عمران خان نے سرکاری خرچ پر انتقام کے سوا کچھ نہیں کیا۔ ان کے جرائم کی فہرست طویل ہے، ایک ایک پائی کا حساب دینا ہو گا، آپ کو لندن نہیں بھاگنے دیں گے۔
نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ محسن بیگ جب تک آپ کے ساتھ تھے تو بہت اچھے تھے۔ محسن بیگ نےکہا تھا انہوں نے سیاسی معاملات کیلئے آپ کو ایک ارب کا فنڈ اکٹھا کر کے دیا، ہم پر بے جا تنقید ہوئی ہم نے تو کسی کو ایف آئی اے کے ذریعے نہیں اٹھوایا۔
انہوں نے کہا کہ دوسروں پر تنقید کرتے ہیں تو خود بھی حوصلہ رکھیں، ورنہ سیاست چھوڑ دیں۔ اب تو عمران خان کی ذہنی حالت پر ترس آتا ہے، ان کو وزیراعظم ہاؤس کے کسی کمرے میں بند کر دینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:طلبا کے لئے بڑی خوشخبری۔ حکومت نے اہم اعلان کردیا