لاہوراور رائیونڈ میں بچے سمیت3افراد قتل، کوڑے دان سے نومولود بچے کی لاش برآمد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) لاہور اور رائیونڈ میں قتل کے دو مختلف واقعات ہوئے جن میں جائیداد کے تنازع پر مخالفین نے میاں بیوی کو جبکہ رائے ونڈ میں بیوی سے جھگڑے کے بعد سوتیلے باپ نے 3سالہ بچے کو جان سے مار دیا، جبکہ ڈی ایچ اے فیز ٹو میں کوڑے دان سے نومولود بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نشتر کالونی میں جائیداد کے تنازع پر مخالفین نے میاں بیوی کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتول افتخار علی اوراس کی بیوی رضیہ کاسوتیلے بیٹوں سے جائیداد کا تنازع تھا، ملزمان نے ان کے گھر آکر فائرنگ کردی جس سے میاں بیوی جاں بحق اور بیٹا زخمی ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بیٹے کو زخمی حالت میں فوری طور پر جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہداکٹھے کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
رائے ونڈ میں سوتیلے باپ نے 3سالہ بچے کو قتل کر دیا،ملزم ندیم نے 3 سالہ عباس کو بیوی سے جھگڑے کے بعد دیوار سے دے ماراورموقع سے فرار ہو گیا۔پولیس کے مطابق بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا دیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے سوتیلے باپ کے ہاتھوں 03 سالہ بچے کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔سی سی پی او نے ہدایت کی کہ سفاک ملزم کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے ۔
اسکے علاوہ لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے فیز ٹو میں کوڑے دان سے نومولود بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔ راہگیروں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بچے کی لاش کو تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ۔
یہ بھی پڑھیں: ایک وقت میں نوجوان کی دو منگنیاں؛ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی