متحدہ عرب امارات نے گولڈن ویزا درخواست کی فیس 3گنا بڑھا دی

Feb 17, 2023 | 00:18:AM

(ویب ڈیسک)متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت اورشہریت کی جانب سے  10 سالہ گولڈن ویزا کیلئے درخواست فیس میں 3 گنا اضافہ کر دیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ہنر مند اور قابل افراد کو  متحدہ عرب امارات میں رہنے کی ترغیب دینے کیلئے شروع کیے جانے والے گولڈن ویزا کی درخواست فیس 13 ڈالر سے بڑھا کر41 ڈالر کر دی گئی ہے، نئے چارجز میں اتھارٹی فیس، الیکٹرانک سروس فیس اورسمارٹ سروسز فیس شامل ہے۔

 واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے سب سے پہلے 2020 میں گولڈن ریزیڈنسی پروگرام کا آغازکیا تھا، جس سے رہائشیوں کے  سپانسر کے بغیرپانچ یا دس سال تک درخواست دینے کی پیش کش کی گئی تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس پروگرام میں باصلاحیت افراد، محققین، نمایاں طلبہ، ڈاکٹرز، ماہرین، جدت طراز، ایتھلیٹس، انٹرپری نیورز، معاشی اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں سرمایہ کار اور ابھرتی ہوئی کمپنیاں شامل ہیں۔

اس پروگرام کے تحت جو لوگ معیارپرپورا اترتے ہیں،وہ اپنے اہل خانہ کے لیے گولڈن ویزا کے لیے بھی درخواست دے سکتے ہیں۔اس اقدام کا مقصد باصلاحیت افراد کو متحدہ عرب امارات میں کام کرنے اور رہنے کی ترغیب دیناہے۔ہنر مند افراد آئی سی پی کی ویب سائٹ پر اپنی اہلیت کی جانچ کرسکتے ہیں جس کے ذریعے گولڈن ویزا جاری کرنے سے پہلے ابتدائی الیکٹرانک منظوری جاری ہوتی ہے۔

دبئی کی نظامتِ عامہ برائے اقامت اورخارجہ امور( جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈفارن افیئرز،جی ڈی آر ایف اے)نے رواں سال جنوری میں بتایا تھا کہ 2022 کے دوران میں متحدہ عرب امارات نے تمام زمروں میں 79,617 گولڈن ویزے جاری کیے تھے۔جی ڈی ایف آر اے نے 2022 میں کروڑ22لاکھ 24ہزار(6224 ملین)سے زیادہ ٹرانزیکشنز پر کارروائی کی ،جس میں ہوائی ، زمینی اور بندرگاہوں کے ذریعے چارکروڑ 69لاکھ داخلی اور خارجی لین دین شامل ہیں ۔یہ2021 میں 37.3 ملین ٹرانزیکشنز سے زیادہ ہے۔

مزیدخبریں