(24نیوز) بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کرکٹ کے بجائے سنیما کے ذریعے زیادہ قریب آسکتے ہیں۔
بھارت کی معروف اداکارہ شبانہ اعظمی نے کہا ہے کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مشترکہ پروڈکشن سے بننے والے پراجیکٹس کے حق میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ دو ممالک کو قریب لانے کے بجائے دوریاں بڑھاتی ہے لیکن آرٹ دو ممالک کو یکجان کرتا ہے، آرٹ ملکوں میں سماجی تبدیلی لاسکتا ہے اور یہ سنیما کے ذریعے آسانی سے ممکن ہے۔
شبانی اعظمی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے اور جب پاکستان میں ٹیلنٹ موجود ہے تو ہندوستان اور پاکستان مل کر اچھی فلمیں پروڈیوس کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے اپنے ساتھ ہالی وڈ فلم میں کام کرنے والی پاکستانی اداکارہ سجل علی کی تعریف کی اور کہا فلم میں سجل علی نے بہت اچھا کام کیا، میرے اور سجل کے درمیان عمر کے فرق کے باوجود ہم دونوں میں بہترین دوستی ہے۔
بھارتی اداکارہ نے سجل کے لیے کہا کہ میرا دل کرتا ہے اسے پکڑ کے رکھوں اور کہیں جانے نہ دوں۔
واضح رہے کہ برطانوی ایشیائی فلم ’ (What’s love got to do with it)بھارتی فلم ساز شیکھر کپور نے بنائی ہے۔
اس کے علاوہ اسے برطانوی فلم ساز جمائما خان نے تحریر کیا ہے۔ اس فلم میں پاکستانی اور بھارتی اداکاروں کو شامل کیا گیا ہے، مذکورہ فلم 3 مارچ کو ریلیز کی جائے گی۔