سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا تبادلہ روک دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) سپریم کورٹ نے نگران حکومت کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا تبادلہ روک دیا۔
ججز کے ریمارکس کے دوران مداخلت پر عدالت نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سرزنش کر دی۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے کہ جب ججز بات کر رہے ہوں تو آپ خاموش رہیں، آپ کو کسی چیز کا علم ہی نہیں، کیا آپ وکیل ہیں؟۔
جس پر سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ وکیل نہیں ہوں مگر بنیادی قانون جانتا ہوں۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے کہ بنیادی قانون تو سب جانتے ہیں آپ ڈی جی لا کو بات کرنے دیں۔
سپریم کورٹ نے 90 دنوں میں انتخابات نہ کرانے کے خلاف درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا۔ صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ ہماری ایک درخواست سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، استدعا ہے کہ ہماری درخواست کو سنا جائے۔
جسٹس منیب اختر نے کہا کہ آپ کی درخواست ہمارے سامنے نہیں ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ بنچ تشکیل دینے کا اختیار چیف جسٹس پاکستان کے پاس ہے، یہ چیف جسٹس کی صوابدید ہے کہ وہ کیس سماعت کیلئے مقرر کریں یا نہ کریں۔