(ویب ڈیسک) بہادر لڑکی نے سیلف ڈیفنس میں اوباش لڑکے کی درگت بنا دی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں واقع انوڈپارک اپارٹمنٹ کمپلیکس کے ایک جم میں ورزش کرتی ایک بہادر خاتون نے بدفعلی کی نیت سے آنے والے بدمعاش لڑکے کو دھول چٹا دی۔ 24 سالہ بہادر خاتون کی شناخت باشالی الما کے نام سے ہوئی ہے۔
فٹنس ماڈل اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی باہمت خاتون جم میں ورزش کر رہی تھی کہ زیویئر تھامس نامی اوباش لڑکا جم میں آ جاتا ہے۔ اوباش نوجوان بہادر خاتون کے اکیلے پن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کے ساتھ بدفعلی کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ جم میں موجود اکیلی لڑکی اس بدمعاش لڑکے کو ایسا کرنے سے منع کرتی ہے لیکن وہ اوباش باز نہیں آتا اور اپنی کوشش جاری رکھتا ہے۔
بہادر لڑکی کے منع کرنے پر جب وہ بدمعاش باز نہیں آتا تو وہ لڑکی اس کو سبق سکھانے کی ٹھان لیتی ہے۔ جب وہ بدمعاش لڑکی کو پکڑ کر زمین پر گرانے کی کوشش کرتا ہے تو لڑکی نہایت ہمت سے اس پر حملہ کر دیتی ہے اور اس کے چہرے پر گھونسوں کی برسات کر دیتی ہے۔ کچھ دیر تک وہ بدمعاش مزاحمت کرتا ہے لیکن آخر کار وہ لڑکی کے تابڑ توڑ حملے کے آگے ہار مان لیتا ہے اور جم سے فرار ہو جاتا ہے۔
بہادر لڑکی کا کہنا ہے کہ زندگی میں کبھی ہار نہیں ماننی چاہیے، حالات جیسے بھی ہوں ان کا ثابت قدمی سے مقابلہ کرنا چاہیے۔ بہادر لڑکی کا مزید کہنا تھا کہ میرے والدین نے ہمیشہ مجھے نصیحت کی کہ کبھی بھی کسی چیز سے دستبردار نہیں ہونا چاہیے اور یہ جب میں اس اوباش سے لڑ رہی تھی اس وقت یہ بات میرے ذہن میں تھی۔
لڑکی کے اس جرات مندانہ منظر کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بہت پزیرائی مل رہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین لڑکی کی بہادری پر خوب تعریفیں کر رہے ہیں۔