(24نیوز)قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے کہا کہ چودھری پرویز الہیٰ نے مظاہر علی نقوی کا نام لے کر جو باتیں کی ہیں وہ انتہائی سنگین ہیں۔
تفصیلات کےمطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ مظاہر علی نقوی کے اس کردار سے پاکستان کے عوام کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں اور یہ نتیجہ اخذ کر لینا چاہئے کہ آج پاکستان جس مقام پر کھڑا ہے وہ انہیں کرداروں کی وجہ سے ہے،نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں پہلے بھی یہ بات کہہ چکا ہوں کہ ثاقب نثار، کھوسہ اور اعجاز الاحسن نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے،ایک منتخب وزیراعظم کی پانامہ کے بہانے اقامہ میں انہی لوگوں کے ہاتھوں ایک منٹ میں چھٹی کروا دی جاتی ہے۔
لیکن کیا اس طرح کے لوگوں کا آج تک کوئی محاسبہ ہوا ؟،2017 میں مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا اس وقت کے پاکستان کو دیکھیں وہ پاکستان کیا تھا اور آج پاکستان کیا ہے، لوگوں کو بتانے کی ضرورت نہیں ہے،ایک ترقی کرتے پھلتے پھولتے پاکستان کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے،اس وقت گینگ آف فائیو نے مل کر منتخب وزیر اعظم کے خلاف سازش کی، یہی گینگ آف فائیو ہی خوشحال پاکستان کا قاتل ہے جس کی وجہ سے پاکستان آج سر کے بل گر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قیمتوں میں بڑی تبدیلی۔۔۔؟،گاڑی کے شوقین افراد کیلئے اہم خبر آ گئی
نہ روپیہ قابو میں آ رہا ہے، نہ سبزیاں قابو میں آ رہی ہیں، نہ دالیں قابو میں آ رہی ہیں، نہ پیٹرول قابو میں آ رہا ہے، نہ بجلی قابو میں آ رہی ہے اور نہ ہی روٹی قابو میں آ رہی ہے۔
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کی آڈیو لیکس کے معاملے کا ہر سطح پر نوٹس لیا جانا چاہئے اگر یہ معاملہ بھی سپریم جوڈیشل کونسل نہیں بھیجنا تو پھر کیا کرنا ہے ۔
اعلیٰ عدالت کے جج کے بارے میں اس سے زیادہ سنگین باتیں کیا ہوسکتی ہیں ؟چودھری پرویز الٰہی کی جو آڈیوز سامنے آئی ہیں وہ انتہائی سنگین ہیں۔
خیال رہے کہ جمعرات کو سوشل میڈیا پر سابق وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کی ایک آڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں بظاہر وہ عدلیہ سے متعلق گفتگو کر رہے ہیں۔اس پر رد عمل دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہاتھا کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کی ایک آڈیو لیک ہوئی ہے جس کی فارینزک تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،ایف آئی اے کو یہ ٹاسک سونپا گیا ہے کہ وہ وزارت قانون سے رائے لینے کے بعد پرویز الہی کیخلاف مقدمہ درج کر کے انہیں شامل تفتیش کرے۔