پاکستان کامہنگاترین گھر:خوبصورتی میں امبانی کےمحل کوبھی مات دیدی
اسلام آباد میں واقع دس کنال پرمحیط یہ گھر مغلیہ اور جدید طرزِ تعمیر کا حسین شاہکارہے

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)پاکستان کے مہنگےترین گھرنےخوب صورتی میں مکیش امبانی کےممبئی میں واقع محل”انٹیلیا“ کوبھی مات دیدی۔
ہرملک میں ایسے گھرموجود ہوتے ہیں جو اپنی شان و شوکت اور منفرد طرزِ تعمیر کی بدولت نمایاں مقام رکھتے ہیں،پاکستان میں بھی آج کل ایک ایسے ہی گھر کے سوشل میڈیاپر چرچے ہیں جسے بھارت میں امیرترین مکیش امبانی کے گھر ”انٹیلیا“ سے بھی اعلیٰ قرار دیا جارہا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے "انڈیا ڈاٹ کام" کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کا سب سے مہنگا گھر "رائل پیلس ہاؤس" اسلام آباد کے پوش علاقے گلبرگ گرینز میں واقع ہے جو اپنے پُرتعیش فارمز اور لگژری ولاز کی وجہ سے جانااورپہچانا جاتا ہے، 10 کنال کے وسیع رقبے پر پھیلا یہ محل نماگھر اپنی خوب صورتی، جدید سہولیات اور مغلیہ و عصرحاضرکے جدیدطرزِ تعمیر کے امتزاج کی وجہ سے بےحد منفرد ہے۔
مغلیہ اور جدید طرزِ تعمیر کا حسین امتزاج لیے اسلام آباد میں واقع یہ "رائل پیلس ہاؤس" نہ صرف اپنی قیمت بلکہ اپنی جدید سہولیات کی بدولت بھی پاکستان کا ایک انمول اثاثہ قراردیاجارہاہے،اس میں 10 بیڈرومز اور 10 باتھ رومز، عالی شان ہوم تھیٹر، جدید ترین جم، آرام دہ لاؤنج، وسیع و عریض گیراج، خوبصورت باغ، دلکش آبشاریں اور سوئمنگ پول بھی ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس محل کی تخمینہ شدہ مالیت 1.25 ارب روپے (125 کروڑ روپے) ہے، اس گھر میں امریکی درآمد شدہ نایاب کھجور کے درخت، شاندار مراکشی لائٹنگ اور داخلی دروازے پر خوب صورت واٹر فاؤنٹین بھی لگائے گئے ہیں جو دیکھنے والوں کو مسحور کردیتے ہیں۔
اس گھر کا کل رقبہ 10 کنال اور مکمل تعمیر شدہ رقبہ 37 ہزار مربع فٹ ہے جس میں گراؤنڈ فلور، ڈبل ہائٹ ڈرائنگ روم، ڈبل ہائٹ ڈائننگ ہال اورایک الگ شاندار ہال بھی ہے۔
اگرچہ اسلام آباد میں واقع یہ عالیشان "رائل پیلس ہاؤس" بھارت کے معروف بزنس مین مکیش امبانی کے 48 ہزار کروڑ پاکستانی روپے مالیت کے مشہور زمانہ محل "انٹیلیا" کے مقابلے میں بہت چھوٹا ہے لیکن اپنی خوب صورتی اور مغلیہ تعمیراتی جھلک کی بدولت ایک منفرد پہچان رکھتا ہے،اسے نہ صرف پاکستان کا سب سے مہنگا گھر قرار دیا جارہا ہے بلکہ اس کی شاندار ڈیزائننگ اور نایاب خصوصیات اسے بین الاقوامی سطح پر بھی نمایاں کرتی ہیں۔
رائل پیلس ہاؤس صرف سنگ وخشت کی ایک عمارت نہیں بلکہ ایک ایسی شاہکار تخلیق ہے جو پاکستان کی تعمیراتی مہارت، ثقافتی ورثے اور جدید سہولیات کا حسین امتزاج پیش کرتی ہے۔