(رائو دلشاد) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کھلے مین ہول میں گر کر دو افرادکے جاں بحق ہونے پر سخت برہم،ڈی سی قصوراوراے سی پتوکی کو تبدیل کر دیا۔چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اورایم اوانفراسٹرکچر اینڈ سینیٹیشن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پتوکی میں کھلے مین ہول میں گر کر معمر خاتون سمیت دوافراد جاں بحق ہوگئے تھے جس پر وزیراعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی سی قصور اور اے سی پتوکی کو تبدیل کرنے کی ہدایت کی جس پر دونوں انتظامی افسران کو تبدیل کرکے او ایس ڈی بنا دیا گیاجبکہ پتوکی کے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اورایم اوانفراسٹرکچر اینڈ سینیٹیشن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے غفلت کے مرتکب دیگر ملازمین کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی ۔
مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو سرکاری افسران کی غفلت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دوں گی۔کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کا واقعہ غیر معمولی ہے، جو کہ برداشت نہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ غفلت کی وجہ سے دو قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئی، اس پر بھرپور کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سلمان خان کی بطور ڈی سی قصور تعیناتی واپس لے لی گئی ہے جبکہ عمران علی کو نیا ڈی سی قصور تعینات کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یہ اسمبلی قانونی جواز نہیں رکھتی،ہمارے پٹیشنز سنی نہیں جارہیں،سلمان اکرم راجہ