یاسین ملک کی زندگی کی ضمانت دی جائے، مشال ملک کی عالمی برادری سے اپیل

Jan 17, 2021 | 13:07:PM

(24 نیوز)کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے ایک ویڈیو  پیغام کے ذریعے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ تہاڑ جیل میں قید انکے شوہر کی زندگی کی ضمانت دے اور انکی رہائی کو یقینی بنائے۔

تفصیلات کے مطابق ویڈیو پیغام میں مشال ملک نےکہا کہ یاسین ملک کو اس وقت تہاڑجیل کے ڈیتھ سیل میں محبوس رکھا ہوا ہے، بھارت نے ان کے خلاف من گھڑت اور جھوٹے مقدمات قائم کر رکھے ہیں، وہ جیل میں شدید بیمار ہیں اور انہیں کوئی طبی سہولت بھی فراہم نہیں کی جا رہی، بھارتی حکومت یاسین ملک کا عزم و حوصلہ توڑنے کے لیے ان کو ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔انہوںنے کہا ہے کہ کشمیری قیادت کو مسلسل جیل میں رکھنے سے جنوبی ایشیاء میں امن قائم نہیں ہو سکتا، کشمیر اس خطے میں 2 ہمسائیہ ممالک کے درمیان نیو کلیئر فلیش پوائنٹ ہے، بھارت جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کا مرتکب ہے۔مشال ملک نےمزید  کہا  کہ یاسین ملک کو حراست میں رکھنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور انہیں بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں عالمی برادری سے اپیل کرتی ہوں کہ میرے شوہر کو ضمیر کا قیدی قرار دیا جائے، عالمی برادری میرے شوہر کے تحفظ کے لیے اپنی ذمے داری پوری کرے۔
 

مزیدخبریں