(24 نیوز)پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاکستان قبرص اور دیگر علاقائی معاملات میں ترکی کی مکمل حمایت کرنے کیساتھ ساتھ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھی اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے دورہ ترکی کے دوران ایسوسی ایشن آف جسٹس ڈیفنڈرز اینڈ سٹریٹیجک سٹیڈیز (ASSAM) سنٹر کے بورڈ کے اراکین سے ملاقات کی۔
سربراہ پاک فضائیہ کا اس موقع پر اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی دو ملک، ایک قوم ہیں، دونوں ممالک کی فقط ثقافت اور ایمان ہی مشترک نہیں بلکہ ان کے مفادات اور چیلینجز بھی ایک ہیں۔
ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان قبرص اور دیگر علاقائی معاملات میں ترکی کی مکمل حمایت کرنے کیساتھ ساتھ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھی اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کی قیام امن کی کوششوں کو مسلسل نظر انداز کرتا رہا اور دہشتگردی کی کارروائیوں کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کےلئے افغانستان میں اپنی پراکسیز کی معاونت جاری رکھے ہوئے ہے۔ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورت حال اور کشمیریوں کی حالت زار عالمی برادری کےلئے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ دورِ حاضر کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہوگا۔
پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ترکی کے ساتھ ہے، ایئر چیف مارشل
Jan 17, 2021 | 21:56:PM