پاکستان کی بھارت کو تنازعات کے حل کےلیے مذاکرات کی پیشکش
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، پاکستان کو درپیش چیلنج سے نکال کر اپنے پاﺅں پر کھڑا کریں گے۔
العربیہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ بھارت سے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کیلئے بات چیت کیلئے تیار ہیں،بھارتی قیادت ہمارے ساتھ مل بیٹھ کر تمام دیرینہ تنازعات حل کرے،ہتھیاروں کی دوڑ کی بجائے اپنے وسائل غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے خرچ کر سکیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت 5 اگست 2019 کا یکطرفہ غیر قانونی اقدام واپس لے،پاکستان اور بھارت کے درمیان تین جنگیں ہو چکی ہیں،ان جنگوں کے نتائج مزید غربت، بے روزگاری اور لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں ابتری کے طور پر سامنے آئے،وزیراعظم شہباز شریف کاکہناتھا کہ چین اور امریکہ کے درمیان پاکستان ایک پل ہے۔
انہوں نے کہاکہ میری حکومت میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں، ان کاکہناتھا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر دوست ممالک نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ہم اس تعاون کو سرمایہ کاری اور تجارت کے شعبوں میں ڈھالنا چاہتے ہیں، وزیراعظم نے کہاکہ سعودی عرب متحدہ عرب امارات کی طرح پاکستان کا دیرینہ دوست ملک ہے، دورہ متحدہ عرب امارات انتہائی کامیاب رہا ہے، متحدہ عرب امارات میرا اور لاکھوں پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے،یو اے ای کی قیادت بالخصوص صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے مشکور ہیں،شیخ زید پاکستان کے ایک بڑے خیرخواہ اور دوست تھے،سرمایہ کاری کا فروغ چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ میرا یہ وژن نہیں کہ ہر وقت دوسرے ممالک سے ہی مدد مانگی جائے، پاکستانی قوم ایک بہادر اور محنتی قوم ہے، میرا یہ ایمان ہے پاکستانی قوم ایک دن ضرور اپنے پاﺅں پر کھڑی ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: ناصر کھوسہ کا عبوری وزیر اعلیٰ کا عہدہ قبول کرنے سے انکار