ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کراچی کی کارروائی، ڈیجیٹل کرنسی کا فراڈ کرنیوالا ملزم گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ثمر عباس، 24 نیوز) وفاقی ادارہ برائے تحقیقات کے سائبر کرائم سیل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے ڈیجیٹل کرنسی بزکوائن کا جھانسہ دے کر درجنوں لوگوں سےکروڑوں کا فراڈ کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق ملزم ظفر رانا یوٹیوب پر سرمایہ کاری اور بھاری منافع دینے کے نام پر متعدد شہریوں کیساتھ فراڈ میں ملوث ہے۔
ملزم ظفر رانا نے سینکڑوں افراد سے 50 تا 10 ہزار یورو فی کس سرمایہ کاری کے نام پر بٹورے اور وصول کردہ رقوم منی لانڈرنگ کے ذریعے دبئی اورترکیہ منتقل کیں۔
تفصیلات کے مطابق سرمایہ کاروں کی جانب سے شکایات پر ملزم بیرون ملک فرار ہو گیا تھا جسے وطن واپسی پر سائبر کرائم ٹیم نے چھاپہ مار کارروائی میں گرفتار کرلیا۔
ملزم کے قبضے سے 2 موبائل فونز، لیپ ٹاپ، پاسپورٹ اور مختلف بنکوں کے نو اے ٹی ایم کارڈز برآمد کیے گیے۔ اسکے علاوہ ملزم سے بزٹریک اور بزکوائن کارڈ، مشکوک منی ٹرانزیکشن دستاویزات اور 1 قیمتی گاڑی بھی برآمد کی گئی۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم کے ساتھ اس کے کچھ ساتھی بھی اس فراڈ میں ملوث ہیں۔
ایف آئی اے نے ضروری کارروائی کے بعد ملزم اور اسکے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔