بادل جم کر برسیں گے،محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک میں بدھ اور جمعرات کو بادل برسنے کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 جنوری کو مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان میں داخل ہونگی، کوئٹہ، ژوب ، بارکھ ، زیارت ، چمن ، پشین ، نوکنڈی ، دالبندین ودیگر علاقوں میں برفباری متوقع ہے ۔
ہرنائی ، قلعہ سیف اللہ ، قلعہ عبداللہ میں بارش اور برفباری کی توقع ہے ،مسلم باغ، قلات ، خضدار ، تربت ، پنجگور اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش، برفباری کا امکان ہے،محکمہ موسمیات کا مزید کہناتھا کہ کوئٹہ، ژوب، بارکھان، زیارت، چمن، پشین، نوکنڈی، ہرنائی میں بارش کا بھی امکان ہے، سردی کی نئی لہر 21 اور 22 جنوری کو کراچی میں داخل ہوگی, پنجاب میں سورج نکلنے سے دھند میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم سردی کی لہر برقرارہے۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں حیران کن کمی
ملکہ کوہسار مری میں برفباری سے لطف اندوز ہونے کیلئے ملک بھر سے سیاحوں کی مری آمد بھی جاری ، سیاح مختلف مقامات پر موج مستیوں میں مصروف ہیں، کہیں ایک دوسرے پر برف کے گولے پھینک رہے ہیں، تو کہیں ’’سنو مین ‘‘بنا کر محظوظ ہو رہے ۔
محکمہ موسمیات نے بارش کے دوران سیاحوں کو محتاط اورمتعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
بلوچستان میں ممکنہ بارش اور برفباری کے پیش نظر محکمہ پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا، تمام مشینری قومی شاہراہوں پر پہنچا دی گئی،صوبائی وزیر پی ڈی ایم اے میر ضیاء لانگو نے کہا کہ ممکنہ بارشوں اور برفباری کے باعث طغیانی کے خدشے کے پیش نظر ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں۔
متوقع بارش اور برفباری کے موقع پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، پاک فوج، محکمہ صحت، موٹر وے پولیس، تمام اضلاع کی انتظامیہ آن بورڈ ہے۔
ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نصیر ناصر نے بتایا کہ متوقع بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں مشینری اور ریسکیو عملہ موجود ہے، شاہراہوں کی ممکنہ بندش اور ہنگامی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے زیارت کے تمام سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو خالی کرانے کے لئے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
تمام تر انتظامات مکمل اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک بحال رکھنے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے عطاء اللہ مینگل نے کہا کہ کان مہترزئی میں پی ڈی ایم اے ویلیج فعال اور گرم ملبوسات پہنچا دیئے گئے ہیں، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم فعال اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے مکمل رابطے میں ہیں، شہری آئندہ 2 روز تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔