(24 نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں امریکی صدر کے نمائندے جان کیری اور سری لنکا کے صدر سے ملاقات ہوئی ہے۔
ڈیووس میں جاری عالمی اقتصادی فورم کے 54 ویں اجلاس میں شرکت کے موقع پر نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ کی امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے موسمیات جان کیری سے ملاقات ہوئی۔ جس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور ترقی پذیر ممالک کی مشکلات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے مقامی اور عالمی اثرات بالخصوص ترقی پذیر ممالک کیلئے اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔
بعدازاں نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ سے سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس نے بیان جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین تجارت کے فروغ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ اعظم ’عالمی تنازعات کے دور سے بچاوٴ‘ کے موضوع پرعالمی اقتصادی فورم کے غیررسمی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں دنیا کے معروف پالیسی ساز، سرمایہ کار و کاروباری رہنما اور ماہرین بھی شرکت کریں گے۔
وزیرِ اعظم ڈیووس میں ڈی پی ورلڈ اور جے ڈبلیو انٹرنیشنل ہولڈنگ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیرِاعظم سے ایران کے وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور کارگِل کمپنی کے صدر و چیف ایگزیکٹیو آفیسر برائن سائیکس سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔