(اویس کیانی) وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا پر سپریم کورٹ کے ججز کیخلاف مہم کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے کنونیئر ایڈیشنل ڈی جی سائبر کرائم ایف آئی اے ہوں گے جبکہ آئی ایس آئی، آئی بی، ڈی جی آئی سی ٹی پولیس اور نمائندہ پی ٹی اے ممبر ہوں گے۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تعین کرے گی کہ اعلیٰ عدلیہ کیخلاف مہم کے محرکات کیا ہیں۔ اس کے علاوہ عدلیہ مخالف مہم اور ججوں کی ساکھ متاثر کرنے والوں کا بھی تعین کیا جائے گا۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تحقیقات میں ذمہ دار پائے جانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لاتے ہوئے متعلقہ عدالتوں میں چالان پیش کیے جائیں گے۔
کمیٹی کی جانب سے تجاویز پیش کی جائیں گی کہ مستقبل میں ایسے واقعات کا تدارک کیسے ممکن ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر کچھ عناصر کی جانب سے اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔