بانی پی ٹی آئی سمیت اہم قیادت الیکشن سےباہر ، لاہور ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )لاہور ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )سمیت اہم قیادت کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کیخلاف درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی پی ٹی آئی کی این اے 122 لاہور این اے 89 میانوالی سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواستیں خارج کر دی ہیں، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے محفوظ فیصلہ سنایا، 3رکنی بنچ میں جسٹس شاہد کریم اور جسٹس جواد حسن شامل ۔
ریٹرننگ افسر حلقہ این اے 122 لاہور نے تجویز و تائید کندہ دوسرے حلقے کے ہونے پر کاغذات نامزدگی مسترد کئے تھے ، ریٹرنگ افسر این اے 89 میانوالی نے بانی پی ٹی آئی کے سزا یافتہ ہونے پر کاغذات نامزدگی مسترد کئے تھے،چودھری پرویز الہی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف بھی درخواستیں خارج کر دی گئی ہیں ، ریٹرننگ افسران کا چودھری پرویز الٰہی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے ، پرویز الٰہی نے گجرات اور منڈی بہاوالدین سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کےخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماء حماد اظہر کی حلقہ این اے 120 سے کاغذات مسترد ہونے کیخلاف درخواست خارج کر دی گئی ہے ، عدالت نے حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے ، پی ٹی آئی رہنما عمار یاسر بھی الیکشن سے باہر ہونے والے رہنماؤں میں شامل ہیں ، لاہور ہائیکورٹ نے ان کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف درخواست خارج کر دی، عدالت نے ریٹرننگ افسر کا عمار یاسر کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ،
لاہور ہائی کورٹ نے صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست پر بھی فیصلہ جاری کر دیا، عدالت نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست خارج کر دی.
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے چند روز قبل پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا ایران سے اپنے سفیر کو بلانے اور ایرانی سفیر کو ملک بدر کرنےکا اعلان