سریلی دھنوں کے خالق معروف موسیقار ذوالفقار علی عطرے انتقال کر گئے
50 سے زائد فلموں کی موسیقی دی،بطور میوزک ڈائریکٹر آخری فلم ویلکم پنجاب تھی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف موسیقار ذوالفقار علی عطرے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
ذوالفقارعلی عطرے مرحوم نے اپنےفنی کیریئرکے دوران 50 سے زائد فلموں کے گانے ترتیب دیئے اور پاکستانی فلمی موسیقی کی دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا،بطور موسیقاران کی مشہورفلموں می٘ں نامور ڈائریکٹرسیدنورکی چوڑیاں،مجاجن،نکی جئی ہاں اورمہندی والے ہتھ جیسی فلمیں شامل ہیں۔
ذوالفقارعلی عطرے کی بطور میوزک ڈائریکٹر آخری فلم"ویلکم پنجاب" تھی، جس کی عکس بندی اس وقت جاری ہے۔
ذوالفقار علی عطرے کوان کی طویل فنی خدمات کے اعتراف میں 2024 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔
پاکستان کی فلمی اورمیوزک انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے ذوالفقارعلی عطرے کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ موسیقی کی دنیا میں ان کی شاندار خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،انہوں نے لازوال دھنیں تخلیق کیں اوراپنی موسیقی سے کئی گانوں کولازوال بنادیا۔
چیئرمین الحمراء رضی احمد اور ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء توقیر حیدر کاظمی نے بھی نامور موسیقار ذوالفقارعطرے کے انتقال پر گہرے دُکھ اور رنج کا اظہارکرتے ہوئے ان کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیاہے،ایگزیکٹوڈائریکٹرالحمراء توقیر حیدر کاظمی نے کہاہے کہ ذوالفقار علی عطرے کا نام موسیقی کے میدان میں سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا،
اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
موسیقار ذوالفقار علی عطرے کی نماز جنازہ جامع امامیہ مسجد شباب چوک میں ادا کی گئی، نماز جنازہ علامہ ناصر عباس نے پڑھائی۔
نماز جنازہ میں فلم اور میوزک انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی جن میں ہدایت کار مسعود بٹ،فلم پروڈیوسر صفدر ملک ،سہیل صفدر ملک ،نغمہ نگار الطاف باجوہ،کوریوگرافر پپو سمراٹ ،موسیقار ایم ارشد،امجد حسین، خادم حسین ،جبار سمراٹ،راشد خان ، گلوکار انور رفیع ،خاور خان،پرویز حیدر،علی وجاہت عطرے،طلعت شاہ اورمختار احمد شامل تھے۔