(24نیوز) احتساب عدالت اسلام آباد کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے بعد کمرہ عدالت سے گرفتار بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل کی خواتین بیرک منتقل کر دیا گیا۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید نے تین بار مؤخر کیے جانے کے بعد 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ آج سنایا جس میں عمران خان کو کرپٹ پریکٹسز اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر 14 سال اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو ان کا ساتھ دینے کے جرم میں 7 سال قید کی سزا سنائی۔
سزا سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کیا گیا اس کے علاوہ عدالت نے عمران خان پر 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔
ذرائع نے بتایاکہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل کی خواتین بیرک میں منتقل کر دیا گیا ہے،ان کو خواتین بیرک میں منتقل کرنے سے پہلے بشریٰ بی بی کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کے بعد بشریٰ بی بی کو کچھ میڈیسن بھی فراہم کر دی گئیں اور انکا ضروری سامان بھی ان کی بیرک میں پہنچا دیا گیا جس میں کپڑے، جوتے، چادریں، کھانے پینے کی اشیا، بیڈ شیٹس، تکیے اور دیگر چیزیں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کا سامان بیرک میں پہنچانے سے قبل مکمل طور پر چیک کیا گیا۔
مزید پڑھیں: انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر 3 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ