وائٹ ہاوٗس پر حملہ کی کوشش،بھارتی  نژاد  نوجوان کو 8 سال قید کی سزا سنا دی گئی 

Jan 17, 2025 | 18:07:PM
وائٹ ہاوٗس پر حملہ کی کوشش،بھارتی  نژاد  نوجوان کو 8 سال قید کی سزا سنا دی گئی 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)امریکہ میں مقیم بھارتی  نژاد  نوجوان کو  وہائٹ ہاؤس پر حملے کی کوشش کے الزام میں 8 سال قید کی سزا سنائی دی گئی۔اس پر کرائے کے ٹرک سے وہائٹ ہاؤس پر حملے کا الزام تھا۔

 بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ میں وہائٹ ہاؤس پر ٹرک کے ذریعے حملہ کرنے کی کوشش میں ایک 20 سالہ بھارت نژاد ورشتھ کنڈولا کو 8 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ محکمہ انصاف نے کہا کہ اس حملے کا مقصد جمہوری طور پر منتخب امریکی حکومت کا تختہ الٹنا تھا تاکہ اس کی جگہ نازی نظریے سے چلنے والی آمریت قائم کی جا سکے۔ کنڈولا نے  امریکی املاک کو جان بوجھ کر نقصان  پہنچانے یا ضائع کرنے کا جرم قبول کیا تھا۔بھارتی نژاد  کنڈولا بھارت کے چندا نگر میں پیدا ہوا، وہ گرین کارڈ کے ساتھ امریکہ کا قانونی مستقل رہائشی تھا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق بھارتی شہری نے22مئی 2023کی سہ پہر سینٹ لوئس، میسوری سے واشنگٹن ڈی سی کیلئے کمرشل فلائٹ پر اڑان بھری، اور تقریباً 5 بج کر 22 منٹ پر ڈلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا۔ اس نے 6؍ بج کر 30منٹ پر ایک ٹرک کرائے پر لیا۔ اور پھر واشنگٹن ڈی سی کی طرف روانہ ہوا، جہاں اس نے  رات کو ٹرک کو  وائٹ ہاؤس کے پارک کی حفاظت کرنے والی رکاوٹوں سے ٹکرا دیا۔ اس کے بعد وہ پیچھے ہٹا اور دوبارہ رکاوٹوں کو ٹکر ماری۔ جس کے بعد اس کا ٹرک بند پڑگیا، اور اس میں سے مائع کا اخراج جاری ہو گیا۔وہ ٹرک سے اترا اور اپنے بیگ سے نازی علامت والا جھنڈا نکال کر لگا دیا۔ خفیہ سروس کے افسران نے کنڈولا کو جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا۔
تفتیش میں کنڈولا نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا ارادہ امریکی صدر کو قتل کرنے کا تھا۔ محکمہ انصاف کے مطابق، کنڈولا کے اقدامات سے نیشنل پارک سروس کو 4322امریکی ڈالر کا نقصان پہنچا۔ کنڈولا نے اس حملے سے قبل کئی ہفتوں تک منصوبہ بندی کی تھی۔اور کئی سیکورٹی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل کی خواتین بیرک منتقل، دوائیں بھی فراہم کر دی گئیں