کینسر میں مبتلا سینئر اداکارہ نائلہ جعفری انتقال کر گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پا کستا ن کی سینئر اداکارہ نائلہ جعفری کراچی میں انتقال کر گئیں۔ ان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں فیملی،رشتہ داروں کے علاوہ پی ٹی آئی ایم این اے آفتاب جہانگیر نے بھی شرکت کی۔ ان کی تدفین کالا پل کے نزدیک واقع آرمی قبرستان میں کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق نائلہ جعفری گزشتہ 5 سال سے کینسر سے جنگ لڑ رہی تھیں۔ حال ہی میں انہیں انفیکشن کی وجہ سے ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔ وہ کینسر کے علاج کے لیے کیموتھراپی بھی کروا رہی تھیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکارہ 2016 سے بیمار تھیں اور ابتدائی طور پر ان میں اوورین کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور بعد ازاں ان میں معدے کے کینسر کی بھی تشخیص ہوئی تھی، 2017 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کینسر کے تیسرے اسٹیج کی وجہ سے انہیں تشویش ناک حالت میں ہسپتال داخل کرایا گیا۔
حال ہی میں نائلہ جعفری کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے ٹی وی مالکان، ڈراما سازوں اور مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کی تھی۔مدد کی اپیل کرنے کی ویڈیو میں نائلہ جعفری کو ہسپتال کے بستر پر کسمپرسی کی حالت میں دیکھا گیا تھا اور وہ مدد کی اپیل کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئی تھیں۔
اداکارہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے بھی حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ نائلہ جعفری کی مدد کرے جس کے بعد سندھ حکومت نے نائلہ جعفری کی مدد کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ نا ئلہ جعفری نےتھیٹر ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا ئے،انہوں نے ٹیلی ویژن کے بھی متعدد ڈراموں میں بہترین اداکاری سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ نائلہ جعفری نے ماں مجھے سلانا،تھوڑی سی خوشیاں، دیسی گرلز جیسے قابل ذکر ڈراموں میں کام کیا۔
یہ بھی پڑھیں:کترینہ کیف کی سالگرہ پر وا لرل تصویر نے مقبولیت کے نئے ریکا رڈ بنا دیئے