(24 نیوز)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہاہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرکے حکومت نے بذات خود ملک میں تاریخی مہنگائی کا اعتراف کرلیا ، اگر عام استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہوتا تو حکومت اپنے زیرکنٹرول ادارے میں قیمتیں کیوں بڑھاتی؟ ۔
شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان کے عوام کو 3 سال میں مہنگائی، بےروزگاری کا عذاب دینے والے آزادجموں وکشمیر کے عوام کو صرف دھوکہ دے سکتے ہیں،انہوں نے کہاکہ ظلم کی حکومت نہیں چل سکتی، عوام پر مہنگائی، بےروزگاری کا ظلم سب حدیں پار کرچکا ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہاکہ مہنگائی، ملک پر قرض، بے روزگاری، معاشی تباہی سب تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، پاکستان میں اتنی بدترین کارکردگی دکھانے والے سمجھتے ہیں کہ آزادجموں وکشمیر کے عوام کو یہ سب نظر نہیں آرہا؟۔
شہبازشریف نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر میں حکومت نے پہلے بدکلامی شروع کی، پھر نوٹ چلانے کی کوشش کی اور آخر میں گولی چلا دی حکومت فیل ہوچکی ہے، ملک اس طرح نہیں چل سکتا، پاکستان کے عوام کی سزا ختم ہونی چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں: کس نے اب تک کیا کیا۔۔صدر نے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں سے کارکردگی رپورٹ طلب کرلی