شاہ محمود قریشی کے الزامات مسترد،الیکشن کمیشن کا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ

Jul 17, 2022 | 14:27:PM

(24نیوز) پنجاب کے حلقہ پی پی 217 کے ضمنی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پی ٹی آئی کے رہنماءشاہ محمود قریشی کے دھاندلی کے الزامات مسترد کر دئیے اور ریٹرننگ افسر  نے انہیں نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ۔ 

تفصیلات کے مطابق پی پی 217 ملتان کے ضمنی انتخابات کے دوران یہ خبریں سامنے آئیں کہ ایک فیکٹری مالک نے اپنے ورکرز کے شناختی کارڈ ضبط کر لئے ہیں اور انہیں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ ڈالنے کا حکم دیا ہے،ملتان میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو ووٹ دینے کیلئے فیکٹری مالک چودھری ذوالفقار نے تمام ورکرز کے شناختی کارڈ ضبط کر لئے اور کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ ڈال کر آئیں اور شناختی کارڈ لے جائیں۔ 

فیکٹری ملازمین کو (ن) لیگ کی پرچی دی جارہی ہے جبکہ فیکٹری کے اندر ملازمین کو ووٹ کے عوض اضافی پیسوں کا لالچ بھی دیا جارہا ہے اور ملازمین کو زبردستی رکشوں میں بھر کر ووٹ ڈالنے لے جایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیںموسم کی بدلتی صورتحال، محکمہ موسمیات نے  بڑی پیشگوئی کر دی

شاہ محمود قریشی نے ساتھیوں سمیت مذکورہ فیکٹری میں داخل ہونے کی کوشش کی اور الزام عائد کیا کہ فیکٹری کے اندر ٹھپے لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر او یہاں آئیں اور فیکٹری کے اندر جو ٹھپے لگائے جا رہے ہیں اس کا نوٹس لیں، 

دوسری جانب فیکٹری کے مالک چوہدری ذوالفقار کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے فیکٹری پر دھاوا بولا اور ان کے ساتھ مسلح گارڈ بھی تھے۔ 

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے شاہ محمود قریشی کے الزامات کو سراسر غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر نے فیکٹری کا دورہ کیا ہے جہاں کوئی بیلٹ پیپر ہیں اور نہ ہی کوئی لوگ ملوث پائے گئے جو ٹھپے لگا رہے ہوں۔ 

 

مزیدخبریں