لاہور ، کراچی ، اسلام آباد سمیت اہم شہروں میں یوم عاشورہ کے مرکزی جلوس اختتام پذیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )لاہور ، کراچی اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں سے نکلنے والے یوم عاشورہ کے جلوس اختتام پذیر ہو گئے ۔
لاہور کی بات کریں تو نثار حویلی سے برآمد ہونے والا شبیہ ذوالجناح کامرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہواکربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگیا، کراچی کے شہدائے کربلا کی یاد میں کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس حسینہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا، یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے بوتراب اسکاؤٹ کی قیادت میں برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں نمائش، ایم اے جناح روڈ، پریڈی، صدر، تبت سینٹر، جامع کلاتھ، بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔
وزیر داخلہ سندھ نے یکم محرم تا یوم عاشور سیکیورٹی کے بہترین اقدامات پر سندھ پولیس کو شاباش دی ، ضیاءالحسن لنجار کا پولیس جوانوں سے کہنا تھاکہ آپ تمام کی انتھک محنت،لگن اور فرض شناسی لائق ستائش و تحسین ہے،مشکل سے مشکل ہدف کا حصول اور کسی بھی ایونٹ کو باہم اشتراک اور ایک ٹیم بن کر ہی کامیاب بنایا جاسکتا ہے،محرم مجالس،جلوسوں اور دیگر اجتماعات کو ہر لحاظ سے پرامن اور محفوظ بنانے میں آپ تمام کی انفرادی اور اجتماعی کاوشیں ہر سطح پر کامیاب اور مؤثر رہیں ، ضیاء الحسن لنجار کا مزید کہنا تھاکہ قوی امید ہے کہ کارکردگی کا یہ سلسلہ جاری رہیگا اور آئندہ آنیوالے تمام ایونٹس کو بھی آپ محفوظ اور پرامن بنائیں گے،محرم کے دوران قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں/ایجینسیز، رینجرز سندھ کا کردار بھی لائق تعریف و ستائش ہے۔
اسلام آباد میں بھی یوم عاشور کے تمام جلوس اختتام پذیر ہوگئے، راولپنڈی میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس جامع مسجد روڈ پہنچا جہاں عزاداران نے نماز مغربین ادا کی ، جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیم پہنچ کراختتام پذیر ہو گیا۔
فیصل آباد میں امام بارگاہ قصرِ ابو طالب غلام محمد آباد شاہی چوک سے شبیہ ذوالجناح و علم پاک کا برآمد ہونے والا جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے امام بارگاہ قصرِ ابو طالب غلام محمد آباد شاہی چوک کے باہر اختتام پذیر ہوگیا، ملتان میں آستانہ لعل شاہ سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس کربلا شاہ شمس پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا ۔
گلگت میں یوم عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس مرکزی امامیہ مسجد پہنچ کر اختتام پذیر ہوا،یوم عاشور کے مرکزی جلوس میں گلگت اور مضافات سے 28 ماتمی دستے شامل تھے۔
مانسہرہ میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ مفتی آباد پر اختتام پذیر ہو گیا ،مانسہرہ پیراں اور پارس کے جلوس بھی اختتام پذیر ہو گئے ۔
کوئٹہ میں دسویں محرم کا مرکزی ماتمی جلوس اختتام پذیر ہوگیا ،دسویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس چوک شہدا علم دار روڈ سے برآمد ہوا تھا ، 37 دستوں پر مشتمل یوم عاشورہ کا جلوس لیاقت بازار، پرنس روڈ علم دار روڈ سے ہوتے ہوئے بشت زینب قبرستان پہنچ کر اختتام پزیر ہوگیا،عزادار نے میزان چوک پر نماز ظہیرین ادا کی،مرکزی جلوس کی حفاظت کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
پشاورمیں امام بارگاہ علمدار کربلا سے یوم عاشورہ کا مرکزی ماتمی جلوس برآمد ہوا جو مرکزی راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ علمدار پر اختتام پذیر ہوگیا۔
حیدرآباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس کربلا دادن شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا، جلوس انجمن حیدری کے زیر اہتمام قدم گاہ مولا علیؑ سے برآمد ہوا تھا۔
مٹیاری میں یوم عاشورہ کے ماتمی جلوس بھٹ شاہ، مٹیاری ، نیوسعیدآباد میں اختتام پذیر ہو گئے،بڑے شہر ہالامیں ماتمی جلوس کربلاکی طرف رواں دواں ہے ،ہالا میں ماتمی جلوس 11بجے اختتام پذیر ہوگا۔
لاڑکانہ میں یوم عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا پاکستانی چوک پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا ،پاکستانی چوک پر نماز مغربیں ادا کی گئی۔
اوکاڑہ میں مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا ایوان حسین ڈی بلاک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔