(24 نیوز)قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ جو لوگ مجھے فوٹیج میں نظر آئے ان کے خلاف ایکشن لیا اور انہیں کوئی وزیر فوٹیج میں ہلڑ بازی کرتا نظر نہیں آیا۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اختلاف رائے کا حق ہر ایک کو حاصل ہے لیکن قومی اسمبلی میں رونما ہونے والے واقعات قابل افسوس ہیں، یہ واقعات جمہوریت کے لئے نیک شگون نہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ قواعد و ضوابط کے مطابق اجلاس کی کارروائی چلے ، حکومتی ارکان اور اپوزیشن کے ممبران پارلیمنٹ کے تقدس کا خیال رکھیں۔
اسد قیصر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں ہنگامی آرائی پر ارکان کے خلاف جو کارروائی کی اس پر بھی اعتراض کیا گیا، میرے پاس صرف اخلاقی طاقت ہے اور کسی کو اٹھا کر پھینکنے کا اختیار نہیں، میری ذمہ داری ہے حکومت اور اپوزیشن کو ایوان میں برابر کا موقع دوں اس لئے سب کو بولنے کا موقع دیتا ہوں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ کل میں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس کے بعد میں نے شہباز شریف اور بلاول سے بھی بات کی، میں اس وقت بھی اپوزیشن رہنماوں سے رابطے میں ہوں، انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں سب لوگ مل کر رولز کے ساتھ ایوان کو چلائیں، ایوان نے مجھے ہاوس چلانے کا مینڈیٹ دیا ہے اور اپنے مینڈیٹ کے مطابق اپنا کام کرتا رہوں گا جب کہ میرا استعفیٰ اپوزیشن کی خواہش ہے۔
سپیکر کا کہنا تھا کہ حکومت کو زیادہ سے زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، حکومت اور اپوزیشن سے کہتا ہوں شائستگی سے بات کریں اور ارکان قومی اسمبلی پارلیمنٹ کا تقدس پامال نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں:قومی بچت اسکیموں کے شرح منافع میں اضافہ، آج سےاطلاق
کسی کو اٹھا کر باہر نہیں پھینک سکتا۔ ۔ذمہ داروں کیخلاف ایکشن لے لیا ۔اسد قیصر
Jun 17, 2021 | 13:43:PM