کراچی: فائرنگ واقعہ میں زخمی پی ٹی آئی رہنما کی اہلیہ انتقال کر گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)کراچی کے علاقے گلشن معمار افغان بستی کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں زخمی تحریک انصاف لیبرونگ منگھو پیر کے صدرعیسیٰ خان کی اہلیہ ہسپتال میں انتقال کر گئیں ۔
تفصیلات کے مطابق شہرقائد کے علاقے گلشن معمار افغان بستی کے قریب فائرنگ سے تحریک انصاف لیبر ونگ منگھوپیر کے صدر اور ان کی اہلیہ زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم تین موٹرسائیکلوں پر سوار تھے۔ملزموں نے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما عیسیٰ خان پر گولیاں چلائیں جس کی وجہ سے وہ اہلیہ سمیت زخمی ہو گئے تھے۔دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیاتھا۔پولیس کا بتانا تھا کہ عیسیٰ خان کے ہاتھ اور ٹانگ میں گولی لگی جبکہ ان کی اہلیہ بختاور کے سر میں گولی لگی، فائرنگ کے وقت خاتون کی گود میں بچہ بھی تھا جو محفوظ رہا۔
ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے کہا کہ فائرنگ سے عیسیٰ خان کے بازو پر 2 گولیاں لگیں اور ان کی اہلیہ کے سرپر گولی لگی جس سے ان کی حالت تشویشناک ہے۔راجہ اظہرکا کہنا تھا کہ ملزم دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور انہوں نے کلاشنکوف سے 6 فائر کئے۔ واردات کے بعد ملزم بآسانی فرار ہو گئے۔
رکن سندھ اسمبلی رابستان خان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا، رابستان خان کاکہناہے کہ پسماندگان سے دلی تعزیت اور دکھ کا اظہار کرتا ہوں، پولیس علاقے میں قبضے کرنے میں مصروف ہے، پولیس امن امان کی بجائے مال بنانے میں مصروف ہے، پولیس کی نااہلی کی وجہ سے وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے، رکن اسمبلی نے کہاکہ سندھ حکومت امن امان میں ناکام ہوچکی ہے، افسوس ناک واقعے پر اپنا لائحہ عمل سامنے لائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن ڈپٹی سپیکر کیخلاف تحریک واپس لینے پر کیوں راضی ہوئی ؟اندرونی کہانی سامنے آگئی