(ویب ڈیسک) سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان عرف گوگی گزشتہ چند ہفتوں سے خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ ان کی عجب کرپشن کی غضب کہانیاں آئے روز منظر عام پر آرہی ہیں۔ تاہم اب لاہور اینٹی کرپشن نے فرح گوگی کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا ہے۔
اس سلسلے میں ان کے قریبی ملازم منیز حسین سے باقاعدہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ منیر حسین فرح گوگی کے گھر بچوں کو ٹیوشن پڑھاتے تھے۔
جنہیں اینٹی کرپشن متعدد مرتبہ طلب کرچکی ہے۔ اس ضمن میں متعدد طلبی کے نوٹسز بھی جاری کیے جاچکے ہیں۔ اس سب کے باوجود منیر حسین اینٹی کرپشن میں پیش نہیں ہوئے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ منیر حسین کے وکیل نے اینٹی کرپشن سے رابطہ کیا ہے اور جواب جمع کرایا ہے۔ جس کے ساتھ ہی انکوائری کی دستاویزات فراہم کرنے استدعا کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سادگی کی دعویدار تبدیلی سرکار کی شاہ خرچیاں، رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشافات
دستاویزات ملنے کے بعد ہی منیر حسین کے پیش ہونے کی یقین دہانی کروائی جائے گی۔
دوسری جانب نیب نے بھی فرح خان کے خلاف انکوائری میں اہم پیش رفت کا دعویٰ کیا ہے۔ فرح خان کے اثاثوں کی تفصیلات 4 متعلقہ اداروں سے حاصل کرلی ہیں۔
یہ تفصیلات سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، ایف بی آر، پنجاب ریونیو اتھارٹی اور اسلام آباد انتظامیہ شامل ہیں۔ نیب کو فرح خان کی 11 کمپنیوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔ جن میں سے زیادہ تر کمپنیاں گزشتہ 4 سال کے دوران بنائی گئی ہیں۔