وکی لیکس کے بانی پر زمین تنگ کردی گئی 

Jun 17, 2022 | 21:50:PM

(ویب ڈیسک)وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج مشکل میں پھنس گئے ،لندن حکومت نے جولیان اسانج کو امریکا کے حوالے کرنے کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر داخلہ پریتی پاٹیل نے جمعہ کے روزوکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کی امریکا کے حوالے کرنے کے فیصلے پر دستخط کئے ۔ برطانیہ سے ملک بدری اور امریکہ حوالگی کی صورت میں اسانج کو جاسوسی کے الزامات میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔جولیان اسانج کے وکلا نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ انہیں امریکا میں ڈیڑھ سو سال سے زائد کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق برطانوی عدالتوں نے اسانج کو امریکہ کے حوالے کرنے کے عمل کو جابرانہ یا غیر منصفانہ نہیں پایا۔عدالتوں نے اسانج کی امریکہ حوالگی کو انسانی حقوق، مقدمے کی شفاف کارروائی اور اظہار رائے کی آزادی سے بھی متصادم نہیں پایا۔

امریکہ نے برطانوی حکام سے اسانج کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ وکی لیکس کی جانب سے امریکا کی خفیہ معلومات کو افشا کرنے پر جاسوسی الزام میں اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کر سکیں۔
واضح رہے کہ ایک برطانوی جج نے اپریل میں اسانج کو امریکہ کے حوالے کرنے کی منظوری دیتے ہوئے اس بارے میں حتمی فیصلہ حکومتی صوابدید پر چھوڑ دیا تھا۔اب وکی لیکس کے بانی کے پاس لندن حکومت کے اس فیصلے کے خلاف اپیل کے لیے چودہ دن کا وقت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا یوکرین کی مدد کیلئے پھر آگے آگیا

مزیدخبریں