دہشتگردوں اور سیاسی دہشتگردوں دونوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جانا چاہیئے، بلاول بھٹو

Jun 17, 2023 | 17:05:PM

(24 نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی سوات کے علاقے خوازہ خیلہ میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری بھی جلسہ گاہ پہنچ گئے اور اسٹیج پر پہنچ کر شرکاء کے نعروں کا ہاتھ ہلاکر جواب دیا۔

جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ 9 مئی میں ملوث افراد کوعبرت ناک سزا دی جائے گی۔ نو مئی کے واقعات کی ہر پاکستانی مذمت کرتا ہے، نو مئی میں ملوث افراد کیلئے واضح پیغام ہے، 9 مئی میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جاسکتا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشتگرد ہو یا سیاسی دہشتگرد ہو، ہم سمجھتے ہیں کہ ان کیخلاف سخت ایکشن لیا جانا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام یہ بھی جانتے ہیں کہ جب بھی عام آدمی کا خیال رکھا گیا، غریب آدمی کا خیال رکھا تو وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے دور میں رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا دور تھا جب آپ کو اپنا مالکانہ حقوق ملے، اور یہ سلیکٹڈ کا دور تھا جب آپ سے آپ کا مالکانہ حقوق چھینا گیا۔

قبل ازیں، جلسے کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے پی پی رہنماؤں نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا، وفاقی وزیر ساجد طوری، ڈاکٹر حیدر علی خان، ڈاکٹر امجد علی نے جلسہ گاہ کا معائنہ کیا۔

ساجد حسین طوری کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی کی مرکزی قیادت و دیگر رہنما جلسہ سے خطاب کریں گے۔

ڈاکٹر حیدر نے کہا کہ جلسے کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے فرائض پولیس اور کارکنان رضاکارانہ طور پر سرانجام دیں گے۔

اس موقع پر ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ کل چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا سوات جلسہ عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا، پاکستان پیپلزپارٹی 31 سال بعد جلسہ کرے گی، بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ ملاکنڈ ڈویژن میں آئندہ سیاست کا تعین کرے گا۔

مزیدخبریں