عید الاضحیٰ ہمیں عملی زندگی میں قربانی اور ایثار کا درس دیتی ہے, محسن نقوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کاکہنا ہے کہ عید الاضحیٰ ہمیں عملی زندگی میں قربانی اور ایثار کا درس دیتی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امت مسلمہ سمیت پاکستانی قوم کوعیدالاضحیٰ کی تہہ دل سے مبارکباد دی ہے, انہوں نےاپنے پیغام میں کہا کہ عید الاضحیٰ پر ہمیں پاکستان کی خاطر جھوٹی انا اور ذاتی مفادات کی قربانی دینے کا عہد کرنا ہے، زبانی جمع خرچ کو چھوڑ کر حقیقت میں جھوٹ اور منافقت کی قربانی دینا ہو گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آج وطن کی مٹی ہمیشہ کیلئے سیاسی، گروہی اور لسانی اختلافات کی قربانی مانگ رہی ہے، وطن عزیز کا قرض سب پر واجب الادا ہے، یہ قرض پاکستان کے لئے قربانی دے کر ہی اتارا جا سکتا ہے، ہر جماعت ، ادارے، محکمے ، طبقے سمیت ہر فرد کو ذمہ دارانہ اور مثبت کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دعا ہے اللہ تعالیٰ قربانیوں کے صدقے امتِ مسلمہ کی ہر مشکل ٹال دے، مریم نواز
ان کاکہنا تھا کہ یتیم اور غریبوں کی مدد کریں، اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور اللہ تعالٰی کو راضی کریں، عید کے موقع پر فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بہن، بھائیوں کو یاد رکھیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دفاع وطن اور قیام امن کیلئے قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ایثار، بھائی چارے اوراتحاد کے جذبے سے سرشار ہوکر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے، پورا یقین ہے کہ پاکستان ترقی کرے گا اور بہت آگے جائے گا۔