قربانی کا گوشت کس طرح محفوظ کیا جائے؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)عموماً موسمِ گرما میں گوشت محفوظ رکھنا ایک چیلنج ہوتا ہے، چونکہ قربانی کا گوشت تازہ اور صحت کے لیے مفید ہوتا ہے، اِس لیے اسے کافی دنوں تک فریزر میں محفوظ رکھا جا سکتا ہے، لیکن 3 سے 6 ماہ کے عرصے میں اس کے خواص کم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
گوشت کو خراب ہونے سے بچانے کے لیے فوری طور پر صفر درجۂ حرارت پر محفوظ کر لینا چاہیے۔ جب ایک مرتبہ گوشت ڈی فروسٹ( غیر منجمد)کرلیں، تو دوبارہ ہرگز فریز نہ کیا جائے۔
فریزر میں رکھنے سے پہلے گوشت کو صاف پانی سے دھو کر خشک کر لینا چاہیے اور پھر پلاسٹک بیگز یا ایئر ٹائٹ بیگز میں بند کر کے رکھنا چاہیے،گوشت کو زیادہ دیر تک محفوظ رکھنے کے لیے متعدّد طریقے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
فریزر میں محفوظ کرنا:
گوشت کو فوری طور پر کم ازکم منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ پر فریزر میں رکھنا چاہیے تاکہ وہ خراب نہ ہو۔
ویکیوم سیلنگ:
گوشت ویکیوم سِیل کرنے سے زیادہ دیر تک تازہ رہتا ہے۔ اِس طریقے سے گوشت میں موجود ہوا نکال دی جاتی ہے، تو بیکٹیریا کی نشوونما کم ہوجاتی ہے۔
نمک لگا کر محفوظ کرنا:
نمک، گوشت کو خراب ہونے سے بچاتا ہے اور نمک لگا کر گوشت زیادہ عرصے تک محفوظ کیا جا سکتا ہے۔
پکانے کے بعد محفوظ کرنا:
گوشت کو پکانے کے بعد بھی فریزر میں محفوظ کیا جا سکتا ہے،واضح رہے کہ پکانے سے گوشت میں موجود بیکٹیریا ختم ہو جاتے ہیں۔
تاہم خیال رہے کہ قربانی کے گوشت کو طویل عرصے کے لیے محفوظ نہ کیا جائے اور منجمد گوشت زیادہ سے زیادہ 1 سے 2 ماہ کے اندر استعمال کر لیا جائے۔