پہلے دن سے پتا تھا پیپلز پارٹی استعفے نہیں دے گی، رانا ثناء اللہ

Mar 17, 2021 | 09:21:AM

(24نیوز)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کوئی دل شکستہ ماحول والی بات نہیں ہے، پہلے دن سے پتا تھا کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹ سے باہر نہیں آئے گی۔

 تفصیلات کے مطابق یہ بات انہوں نےمیڈیا سے گفتگو میں کہی۔ رانا ثناء اللہ خان پی ڈی ایم اجلاس کی روداد سناتے ہوئے کہا کہ آج کی میٹنگ میں 10 میں سے 9 پارٹیوں نے استعفوں پر اتفاق کیا لیکن پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں عدم اعتماد کا آپشن استعمال کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں بڑے اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی۔ تمام پارٹیوں نے اپنا،اپنا موقف دیا لیکن پیپلز پارٹی کا پہلے دن سے ہی یہی موقف تھا۔ پیپلز پارٹی نے کہا ایک آپشن دیں معاملے کو سی ای سی میں لے جائیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت سب جماعتوں کا اتفاق ہے کہ حکومت کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ آصف زرداری نے جیل بھرو تحریک کا حوالہ بھی دیا۔ تاہم مولانا فضل الرحمان کا موقف تھا کہ اسی لانگ مارچ کے ساتھ استعفے دینے چاہیں۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ استعفوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی اپنا موقف واضح کرے گی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے وقت مانگا ہے تو وہی سوالوں کے جواب دے گی۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اگر استعفوں کے معاملے پر ساتھ نہیں دیتی تو ہو سکتا ہے لانگ مارچ یا دھرنے میں ساتھ دے۔ عید سے پہلے یا عید کے بعد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ ملتوی کرنے کی ایک وجہ کورونا بھی ہے۔

مزیدخبریں