(24 نیوز)پیپلزپارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان کا کہا ہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن کی تعیناتی حکومت نے کی ہے، اپوزیشن نے نہیں۔ حکومت مرضی کے نتائج نہ آنے پر ادارہ ختم کرنا چاہتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن حکومت کو ان کی مرضی کے نتائج نہیں دے رہا۔ای سی پی حکومت کو دھاندلی چھپانے نہیں دے رہا۔ آپ آئینی اور خودمختار ادارے اور ملک کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟ آپ کو کوئی اعتراضات ہیں تو ٹربیونل میں جائیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے، حکومت پاکستان کو خطرناک نہج پر لا رہی ہے، اب حکومت نے ای سی پی کو عدالتوں میں بھیجنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی مرضی کے نتائج نہیں آئے تو کہتے ہیں ادارہ ختم ہو جائے، آئین کو پھاڑ دیں، ان کی نظر میں ایک پیج پر ہونے کا مقصد ان کی مرضی پر چلنا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے چیف الیکشن کمشنر سمیت تمام ارکان سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے جو پوری نہیں کی گئی۔ الیکشن کمیشن ناکام ہو چکا ہے،چیف الیکشن کمشنر کو تمام ارکان سمیت استعفا دینا چاہیے۔شفقت محمود کا کہنا تھا کہ لوگوں کا اعتماد الیکشن کمیشن سے اٹھ چکا ہے۔