(24نیوز) علی ظفر پر ہراسانی کا الزام لگانے والی میشا شفیع سے متعلق افواہیں آئے دن سوشل میڈیا پر زیر گردش رہتی ہیں۔مگر اب گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنی نئی تصویر شیئر کر کے بھارتی میڈیا کرارا جواب دیا ہے۔
تفصیلات کے مطا بق گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا کی جانب سے میشا شفیع کے جیل جانے کی جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں ۔ٹوئٹر پر میشا شفیع کی جانب سے اپنی ایک نئی تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں انہوں نے بھارتی میڈیا سمیت خود کے خلاف نفرت پھیلانے والے افراد کو جواب دیا ہے۔میشا شفیع کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں وہ با اعتماد نظر آ رہی ہیں۔انہوں نے اپنی تصویر کے ٹوئٹ میں لکھایہ رہی میری تصویر اور میں جیل نہیں جا رہی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کے حوالے سے بھارتی میڈیا کی گمراہ کن اور غلط رپورٹنگ کا پروپیگنڈا بے نقاب ہوا تھا۔بھارتی میڈیا میں گلوکار علی ظفر کے گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کے حوالے سے خبریں زیر گردش تھیں کہ انہیں 3 سال کی قید سنا دی گئی ہے۔گلوکارہ نے ان تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تمام باتیں جھوٹ پر مبنی ہیں، بھارتی میڈیا کو اس جھوٹے پروپیگنڈے پر شرم آنی چاہیے۔