منشا بم اوراسکے بیٹوں سمیت 25 افراد کیخلاف مقدمہ درج

Mar 17, 2021 | 20:56:PM
منشا بم اوراسکے بیٹوں سمیت 25 افراد کیخلاف مقدمہ درج
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے کے الزام میں ایل ڈی اے نے منشا بم اور اس کے بیٹوں سمیت 25 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا۔

 تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمہ میں عامر منشا، طارق منشا، فیصل ملک، عاصم ملک و دیگر کو نامزد کیا گیا، ایل ڈی اے نے 34 کنال سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے پر مقدمہ درج کرایا، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ محمد عمر کی مدعیت میں تھانہ وفاقی کالونی جوہر ٹائون میں ایف آئی آر درج کرائی گئی۔
 پی آئی اے روڈ پر ایل ڈی اے نے گزشتہ روز بھاری آپریشن کر کے 34 کنال اراضی واگزار کرائی تھی اور ایل ڈی اے کی سرکاری اراضی پر قائم پختہ اور عارضی تعمیرات مسمار کردی گئی تھیں۔
یاد رہے کہ منشا بم کا اصل نام منشا کھوکھر ہے، منشا بم لاہور کے مہنگے علاقے جوہر ٹائون میں قبضہ گروپ کا سربراہ مانا جاتا ہے، اس پر قبضے، قتل، اقدام قتل اور پولیس پر فائرنگ کے 70 مقدمے درج ہیں، اس پر غیر قانونی طور پر زمین پر قبضہ کرنے کا پہلا مقدمہ 1982 میں درج کیا گیا تھا، اس نے وکلا کا اپنا ایک گروپ بھی بنا رکھا ہے جواس کے کالے کرتوتوں کی پردہ پوشی اور وکالت کرتا ہے۔