(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ہماری ترجیح عمران خان کو گرفتار کرنا نہیں مجبور کرنا ہے کہ عدالت میں پیش ہوں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم نے شروع سے یہی حکمت عملی اپنائی کہ اس کو مجبور کریں تاکہ عدالت میں پیش ہو، اب ہمیں پورا یقین ہے کہ عمران خان 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہوگا۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد ایسا ماحول بنانا تھا جس سے عمران خان پر عدالت میں پیش ہونے کا دباؤ بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ زمان پارک کے باہر پولیس کے لوگ زخمی ہوئے ہیں تحریک انصاف کے لوگ بہت کم زخمی ہوئے، اب عمران خان لکھ کر بھی دے رہا ہے اور پکار رہا ہے کہ پیش ہوجاؤں گا، اب اگر 18 کو عدالت میں پیش نہیں ہوں گے تو ہم حکمت عملی تبدیل کریں گے۔
رانا ثنا نے کہا کہ نگران حکومت اس طرح سے وفاقی حکومت کے ماتحت بھی نہیں، یہ سب نگران حکومت، لاہور پولیس اور اسلام آباد پولیس نے کیا ہے، عمران خان کا کوئی بھروسہ نہیں کل وہ کہہ دیں کہ زمان پارک میں سب کچھ امریکا نے کیا، ہم اگر کوئی ایسا قدم اٹھاتے اور ماڈل ٹاؤن جیسی صورتحال پیدا ہوجاتی تو پھر واقعی ہم استعمال ہو جاتے۔