'' ملک میں ایک ساتھ الیکشن کیلئے پولیٹیکل ڈائیلاگ کی سخت ضرورت ہے ''
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں ایک ساتھ الیکشن کیلئے پولیٹیکل ڈائیلاگ کی سخت ضرورت ہے، آئین کا آرٹیکل 254 بھی اس مشاورت کا راستہ دیتا ہے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 24 نیوز سے خصوصی گفتگو میں پنجاب کے الیکشن کے حوالے سے بڑا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایک وارنٹ کی تکمیل پر پنجاب میں یہ کچھ ہو رہا ہے تو جلسے جلوسوں میں کیا ہوگا۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اگر مذاکرات شروع ہوتے ہیں تو سپریم کورٹ بھی اس کا خیال کرے گی، ایک ساتھ انتخابات ہی دراصل آئین کے آرٹیکل 224 کی اصل رو ہے، اگر مذاکرات ہوتے ہیں تو قومی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ بھی پیچھے آ سکتی ہے۔
وزیر قانون نے سیاسی رہنماؤں اور جماعتوں کو اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر سسٹم کی مضبوطی چاہتے ہیں تو شفاف منصفانہ ایک ساتھ انتخابات کیلیے مذاکرات کریں، زمان پارک میں پولیس کے ساتھ جو کھلواڑ کیا گیا وہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، عمران خان کو اس سب کا حساب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مردم شماری کا عمل جاری ہے، جس کے بعد نئی حلقے بن جائیں گے مگر پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات پرانے حلقوں پر ہوں گے، آرٹیکل 224 کے تحت پورے ملک میں نگران سیٹ اپ ہوگا لیکن مرکز میں سیاسی حکومت ہے۔