وزیراعلیٰ محسن نقوی کا سنٹرل جیل کا اچانک دورہ، مرد و خواتین قیدیوں کے مسائل سنے

Mar 17, 2023 | 12:51:PM

 (علی رامے) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا اچانک دورہ کیا، جہاں محسن نقوی نے 2 گھنٹے تک مرد و خواتین قیدیوں کے مسائل سنے۔

نگران وزیراعلیٰ نے جیل میں فراہم کردہ سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا، دورے کے دوران ایک چار پائی پر 3 خواتین قیدی پائی گئیں جبکہ سزائیں پوری ہونے کے باوجود قیدی سلاخوں کے پیچھے زندگی گزارنے پر مجبور نظر آئے۔ بعض قیدیوں کی اپیلیں 10، 10 سال تک نہیں لگیں، والد کے انتقال کے باوجود خاتون قیدی کو پیرول پر رہائی نہ مل سکی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے خواتین قیدیوں کے ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر اور ڈے کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ قیدی بھی انسان ہیں، انہیں بنیادی سہولتیں ملنی چاہیئں، ایک قیدی کے لئے ایک چارپائی ہونی چاہئے، 3 خواتین قیدیوں کے لئے ایک چارپائی ظلم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس قیدی خاتون کے والد انتقال کر گئے پیرول پر رہائی کا انتظام کیا جائے۔ وزیر اعلی پنجاب نے ڈپٹی کمشنر کو بھی فوری طلب کیا اور مسائل کے حل کیلئے ہدایات دیں۔

وزیراعلی محسن نقوی نے مرد و خواتین قیدیوں کی بیرکس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے قیدیوں کے مسائل پوچھے اور جیل عملے کے سلوک بارے دریافت کیا۔ محسن نقوی نے جیل کے کچن کا معائنہ کیا اور قیدیوں کے کھانے کی کوالٹی چیک کی۔

محسن نقوی نے جیل ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کیلئے میڈیکل کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں سے علاج معالجے کی سہولتوں بارے استفسار کیا۔

وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ جیل ہسپتال میں مریضوں کو اچھا علاج معالجہ اور ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، گردہ و جگر کے امراض میں مبتلا قیدی مریضوں کا علاج پی کے ایل آئی میں کرایا جائے۔

محسن نقوی نے اس ضمن میں پی کے ایل آئی کا فوکل پرسن مقرر کرنے کی ہدایت اور جیل انتظامیہ سے کہا کہ قیدی خواتین کے بچوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے۔

مزیدخبریں