(24نیوز) اٹلی کشتی حادثے میں جاں بحق قومی ہاکی کھلاڑی شاہدہ رضا کو کوئٹہ میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی کشتی حادثے میں جاں بحق قومی ہاکی کھلاڑی شاہدہ رضا کی میت آج صبح کوئٹہ پہنچائی گئی تھی، وزیراعلیٰ بلوچستان کےترجمان اور کوآرڈینیٹر اجمل کرد نے ورثا کے ہمراہ میت وصول کی۔میت وصولی کے وقت ایئرپورٹ پر رقت آمیز مناظر دکھائی دیئے۔
جس کے بعد ان کی تدفین علمدار روڈ کے بہشت زینب قبرستان میں کردی گئی ہے۔نمازجنازہ میں صوبائی وزیر کھیل خالق ہزارہ سمیت علاقہ عمائدین بھی شریک تھے۔
شاہدہ رضا کی عمر 27 سال تھی اور ان کا تعلق کوئٹہ سے تھا۔
مزید پڑھیں: ’عمران خان ریاست اور قانون سے بالاتر بن چکے‘
واضح رہے کہ ہاکی کھلاڑی شاہدہ رضا گزشتہ ماہ اٹلی میں کشتی حادثےمیں جاں بحق ہوئی تھیں، وہ روزگار کی تلاش میں یورپ گئی تھیں۔ شاہدہ رضا کا تعلق کوئٹہ کے علاقے علمدار روڈ سے تھا، شاہدہ رضا قومی ہاکی ٹیم کے ہمراہ کئی انٹرنیشنل میچز کھیل چکی تھیں۔
یاد رہے کہ اٹلی میں تارکین وطن کی کشتی چٹانوں سے ٹکرا کر تباہ ہوگئی تھی جس میں 140 سے زائد افراد سوار تھے، حادثے میں 28 پاکستانیوں اور بچوں سمیت 58 تارکین جاں بحق ہوگئے تھے۔