ملالہ یوسف زئی کے دفاع میں نادیہ جمیل اور زنیرہ انعام سامنے آگئیں 

Mar 17, 2023 | 15:42:PM

(ویب ڈیسک) پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے انگریزی لہجے کا مذاق اُڑانے والوں کے خلاف اداکارہ نادیہ جمیل اور اداکار عثمان مختار کی اہلیہ اور مصنفہ زنیرہ انعام میدان میں آگئیں۔

گزشتہ اتوار کو امریکا میں ہونے والے آسکرز ایوارڈ شو میں پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے شرکت کی، جہاں سے ان کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

امریکی جریدے ’ویرائٹی‘ کی اس وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملالہ یوسف زئی نے میزبان کے سوال پر مقبول امریکی گلوکارہ ریحانہ سے اپنی محبت کا اظہار کیا، تاہم اس دوران انگریزی بولتے ہوئے ان کا لہجہ عام پاکستانیوں کی طرح تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کو ری شیئر کرتے ہوئے کئی ٹوئٹر صارفین نے ملالہ کے انگریزی لہجے کا مذاق اُڑانا شروع کردیا جس کے بعد اداکارہ نادیہ جمیل اور اداکار عثمان مختار کی اہلیہ اور مصنفہ زنیرہ انعام نے ان تمام صارفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں کمپلکس کا شکار قرار دے دیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے اداکارہ نادیہ جمیل نے لکھا کہ ’ہمارے ہیروز کا مذاق اڑانے پر آپ کو شرم آنی چاہئے۔ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے آواز بلند کرنے پر چہرے پر گولی کھائی جس کی وجہ سے ان کا آدھا چہرہ مفلوج ہوگیا اور جس نے پاکستان کے لیے نوبل انعام جیتا‘۔

ضرور  پڑھیں: عمران خان کی پیشی،کارکنا ن نے پوزیشینں سنبھال لیں

انہوں نے مذکورہ ٹوئٹر صارف کو بلاک کرتے ہوئے مزید لکھا کہ انگریزی لہجے کا کمپلیکس رکھنے اور ایک بہت ہی بہادر جوان سے حسد کرنے پر آپ کو بلاک کررہی ہوں‘۔

اس سے قبل اداکار عثمان مختار کی اہلیہ اور مصنفہ زنیرہ انعام نے بھی مذکورہ ٹوئٹر صارف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوال کیا کہ ’ان کی انگریزی میں آخرغلط کیا ہے؟ کیا آپ یہ بتانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ایسا لہجہ رکھنا مسئلہ ہے؟ کیونکہ یہ واقعی ایک اشرافیہ، گھٹیا موقف ہے، نوآبادیات نے ہمیں واقعی کہیں کا نہیں چھوڑا، ہے ناں!‘۔

مزیدخبریں