دفاعی چیمپئن لاہور پی ایس ایل 8کے فائنل میں پہنچ گیا

Mar 17, 2023 | 18:48:PM

(24 نیوز)دفاعی چیمپئن لاہور قلندر پشاور زلمی کو شکست دے کر پاکستان سپر لیگ سیزن 8کے فائنل میں پہنچ گیا ۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 8 کا دوسراایلیمینٹر میچ لاہور قذافی سٹیڈیم میں  پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا گیا ،زلمیز کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ  کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے ، جس کے جواب میں لاہور قلندرز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف 19ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کر لیا۔

پشاور زلمی کی بیٹنگ کی بات کی جائے تو محمد حارث 85 اور کپتان پشاور زلمی بابر اعظم 42 رنز بنا کر نمایاں رہے ، لاہور قلندرز کی جانب سے راشد خان اور زمان خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا  اور  شاہین شاہ  نے ایک آوٹ کیا ۔

لاہور قلندر کی بیٹنگ کی بات کی جائے تو اوپننگ کیلئے  فخر زمان اور مرزا بیگ میدان میں اترے لیکن فخر زمان 14 رنز کے مجموعی سکور پر واپس لوٹ گئے جس کے بعد  نوجوان بلے باز  احسن حفیظ میدان میں اترے لیکن پشاور زلمی کے گیند بازوں نے ان کی بھی ایک نہ چلنے دی اور انہیں 38 رنز کے مجموعے پر واپس پویلین بھجوا دیا، اس کے بعد آنے والے اسد شفیق بھی ٹیم کے مجموعی سکور میں صرف 10 رنز کا اضافہ کر کے پویلین واپس لوٹ گئے ، اس طرح لاہور قلندرز کی تین وکٹیں 69 رنز پر ہی گر چکی تھیں۔ 

اس کے بعد سیم بلنگز  مرزا بیگ کا ساتھ دینے میدان میں اترے لیکن مرزا بیگ ہی ان کے ساتھ وفا نہ کر سکے اور 54 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اس کے بعد سیم بلنگز نے 28 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 147رنز کے مجموعے پر آوٹ ہو گئے ، جبکہ قلندرز کے آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی سکندر رضا تھے جو کہ 161 رنز پر 14 گیندوں پر 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، جبکہ شاہین شاہ نے  وننگ سٹروک پر چھکا لگا کر ٹیم کو فائنل میں پہنچایا ۔

مزیدخبریں