وزیراعلیٰ مریم نواز کا قیدیوں کیلئے3 ماہ سزا کی معافی کا اعلان

Mar 17, 2024 | 20:29:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راﺅ دلشاد)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے صوبہ بھر میں قیدیوں کیلئے تین ماہ سزا کی معافی اور155قیدیوں کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ مخیر حضرات کے اشتراک سے 15کروڑ روپے دیت ادائیگی کے بعد155قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے، پورے پنجاب کی جیلو ں میں ویڈیوکال کی سہولت بہت جلد فراہم کر دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کیا، اس موقع پرصوبائی مشیر پرویز رشید،صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری،چیف سیکرٹری،سیکرٹری داخلہ،سپیشل سیکرٹری داخلہ، آئی جی جیل خانہ فاروق نذیر اوردیگر متعلقہ حکام بھی ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج سنٹرل جیل آتے ہوئے خود قید میں گزارا ہوا وقت یاد کررہی تھیں،سزائے موت کی چکی میں بند تھی اور کڑے وقت کا سامنا کیا،میرے والد بھی اسی جیل میں بند تھے مگر ملاقات کی اجازت نہیں تھی، ہفتے میں ایک بار ملنے دیاجاتا تھا۔
مریم نواز کا مزید کہناتھا کہ قیدیوں کی مشکلات کا اندازہ ہے،ان کے مسائل اور کھانے پینے کے نظام میں بہتری لائیں گے،ایک بار قید میں والد کا ہاتھ سے لکھا ہوا خط ملا،انہوں نے بتایا کہ یہاں سے گرفتار کر کے نیب لے جارہے ہیں،جیل میں مجھے کسی نے بتایا کہ آپ کے والد کی طبیعت خراب ہے او رہسپتال لے کر جارہے ہیں، وہ آزمائش کا وقت تھا،میں سوال کرتی تھی کہ میں نے ایسا کیا کیا؟ جو میں جیل میں ہوں اور پھر جائے نماز پر بیٹھ جاتی تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ اپیل کے انتظار میں تھی کہ پتہ چلا جج 3 ہفتے کی چھٹی پر چلا گیا ہے،اڈیالہ جیل میں کینسر کی مریضہ والدہ سے بات نہیں ہوسکتی تھی، گھڑی پر دیکھ دیکھ کر بچوں سے بات کیا کرتی تھیں،15سالہ چھوٹی بیٹی کی بہت فکر تھی اس نے بھی مشکل وقت گزارا،والدکو عدالت میں کسی نے والدہ کی طبیعت خراب ہونے کا بتایا ان کے کہنے کے باوجود کسی نے بات تک نہ کرائی،جیل کے مشکل وقت کوصبر وشکر کر کے اچھی طرح گزارا۔
ان کاکہناتھا کہ جیل میں 24گھنٹے بندے کو سوچنے اور غور وفکر کرنے کا وقت ملتا ہے،کچھ لوگ اپنی غلطی او رکچھ حالات کی وجہ سے جیل پہنچ جاتے ہیں،نظام عدل میں کمزوریوں کی وجہ سے بے گناہوں کو بھی جیل کاٹنا پڑتی ہے،جیل کے نظا م میں بہتری او ر قیدیوں کےلئے ممکنہ آسانیاں ضرور لائیں گے،آج آپ کےلئے ویڈیو کال کی سہولت کاآغاز کردیا گیاہے،نوجوان قیدی کو ویڈیوکال پر بچی اور بیوی سے بات کرتے دیکھ کر اطمینان ہوا،مریم نواز کاکہناتھا کہ ویڈیوکال پر اہل خانہ سے بات کر کے قیدی کو خوشی کے لمحات میسر ہوتے ہیں، اہل خانہ سے قیدیوں کی ملاقات کےلئے باعزت او ربا وقار طریقہ کار ہونا چاہیے۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ جیل میں اصلاحات لانا چاہتے ہیں تاکہ ہر قیدی کو معاشرے کا مفید شہری بنائیں،قیدیوں کو جیلوں میں ہنر سکھا کر اپنے پاو¿ں پر کھڑا کریں گے،سنٹرل جیل کے ہسپتال میں 4ڈاکٹر ڈیوٹی کریں گے اورآپریشن تھیٹر بھی موجود ہے،مجھے خوشی ہے کہ دیت کی ادائیگی کا عمل مکمل ہونے کے بعد قیدی روز ے اور عید گھر گزار سکیں گے،دعا ہے کہ نظام عدل میں بہتری آئے تاکہ کوئی بے گناہ جیل نہ پہنچے۔ 

یہ بھی پڑھیں: یااللہ خیر؛پاکستان کے بڑے صوبے میں زلزلے کے شدید جھٹکے