بھارتی کرکٹ بورڈ کے فیصلے کے بعد انوشکا شرما کی مبہم پوسٹ وائرل

Mar 17, 2025 | 21:25:PM
بھارتی کرکٹ بورڈ کے فیصلے کے بعد انوشکا شرما کی مبہم پوسٹ وائرل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)حال ہی میں بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے بیرون ملک دورے کے دوران مکمل ٹور کے دوران فیملی کو ساتھ رکھنے پر پابندی لگائی ہے، اس پر ویرات کوہلی نے تو ردعمل دیا تھا لیکن اب انوشکا شرما نے بھی ایک مبہم پوسٹ میں اس فیصلے پر بات کرنے کی کوشش کی ہے۔

اداکارہ انوشکا شرما نے پیر کے روز اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر ایک مبہم پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ کس طرح ہر شخص کے ذہن میں کسی کا ایک مختلف تصور موجود ہو سکتا ہے۔ 

یہ پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی جب انوشکا کے شوہر اور معروف کرکٹر ویرات کوہلی نے بی سی سی آئی کے اس نئے فیصلے پر اپنی رائے کا اظہار کیا، جس میں کھلاڑیوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزارنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔

انوشکا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ایک نوٹ شیئر کیا، جس میں انہوں نے لکھا کہ ہر انسان کا ایک مختلف تصور دوسروں کے ذہن میں موجود ہوتا ہے، ان کا پیغام کچھ یوں تھا کہ تمہاری ایک مختلف شکل ان تمام لوگوں کے ذہن میں موجود ہے جو تمہیں جانتے ہیں، جو شخص تمہیں خودکے طور پر محسوس ہوتا ہے، وہ صرف تمہارے لیے ہی ہے اور حقیقت میں تم بھی نہیں جانتے کہ وہ کون ہے۔ ہر شخص جس سے تم ملو، جس کے ساتھ تعلق قائم کرو، یا جس سے سڑک پر نظریں ملاؤ، وہ اپنے ذہن میں تمہاری ایک الگ تصویر بناتا ہے۔

انوشکا نے مزید لکھا کہ ہر شخص مختلف مواقع پر دوسروں کے لیے ایک الگ شخصیت رکھتا ہے،تم اپنی ماں، باپ، بہن بھائی کے لیے وہی شخص نہیں ہو جو تم اپنے ساتھی کارکنان، ہمسایوں یا دوستوں کے لیے ہو۔ تمہاری ہزاروں مختلف شکلیں مختلف لوگوں کے ذہنوں میں موجود ہیں، ہر ایک ورژن میں ایک 'تم' شامل ہو، اور پھر بھی تمہارا 'تم'، تمہارا 'خود'، درحقیقت کسی ایک شخصیت میں قید نہیں۔

 جب ایک ریڈٹ صارف نے نشاندہی کی کہ انوشکا کی یہ پوسٹ ویرات کوہلی کے انٹرویو کے فوراً بعد سامنے آئی، تو اس پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے کو ملا۔ کچھ لوگوں نے کہا کہ یہ محض ایک عمومی پوسٹ تھی اور اس کا ویرات کے بیان سے کوئی تعلق نہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ انوشکا نے یہ اسٹوری کسی خاص واقعے کے لیے لگائی ہو، تاہم کچھ صارفین نے خیال ظاہر کیا کہ انوشکا اس پوسٹ کے ذریعے ویرات کے مؤقف کی حمایت کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے حال ہی میں کھلاڑیوں کے لیے ایک سخت سفری پالیسی کا اعلان کیا، جس کے مطابق جو کھلاڑی بیرون ملک 45 دن سے زیادہ قیام کریں گے، ان کے اہلِ خانہ (شریک حیات اور 18 سال سے کم عمر بچے) انہیں صرف ایک بار، ہر سیریز (فارمیٹ کے حساب سے) میں دو ہفتوں کے لیے جوائن کر سکتے ہیں۔

 اتوار کے روز رائل چیلنجرز بنگلورو انوویشن لیب انڈین اسپورٹس سمٹ میں گفتگو کرتے ہوئے، ویرات کوہلی نے اس فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور کہا یہ لوگوں کو سمجھانا بہت مشکل ہے کہ گھر والوں کے ساتھ وقت گزارنا کس قدر ضروری ہوتا ہے، خاص طور پر جب آپ باہر کسی سخت اور دباؤ والے ماحول سے واپس آتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں لوگ اس بات کی قدر نہیں کرتے کہ فیملی کے ساتھ وقت گزارنا کتنا اہم ہے۔ مجھے اس بات پر مایوسی ہوتی ہے کہ ایسے افراد، جن کا کسی بھی فیصلے پر کوئی اختیار نہیں، انہیں ان باتوں میں گھسیٹا جاتا ہے اور ان کے بارے میں یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ شاید انہیں دُور رکھنا ضروری ہے۔

 انوشکا شرما اکثر ویرات کوہلی کے ساتھ ان کے میچز میں شرکت کرتی رہی ہیں اور ان کے دونوں بچے، وامیکا اور ایکائی بھی بعض اوقات ان کے ہمراہ ہوتے ہیں۔

دیگر کیٹیگریز: انٹرٹینمنٹ
ٹیگز: