آج سے لاک ڈاؤن ختم،بازاروں کی رونقیں دوبارہ بحال، دفاتر بھی کھل گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) ملک میں لاک ڈاؤن کے بعد کاروباری زندگی ایک بار پھر رواں دواں ہو گئی۔ مارکیٹیں اور دفاتر کھل گئے۔ مارکیٹیں رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔
لاہور میں تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا، تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں کھل گئیں۔ کاروباری طبقہ خوش ہے، شہریوں نے بھی بازاروں کا رخ کیا، تاہم کورونا ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل درآمد دکھائی نہ دیا۔فیصل آباد میں بھی بازار اور دفاتر کھل گئے، کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا، تاہم شہر میں کورونا ایس اوپیز پر مکمل عمل درآمد نہ کیا گیا۔
جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی کاروبار کا آغاز ہو گیا۔ دونوں شہروں کے بند تجارتی مراکز کھل گئے جبکہ سرکاری اور نجی دفاتر میں بھی کام کا آغاز ہوگیا۔سندھ حکومت نے بھی این سی او سی کے فیصلے کی توثیق کر دی، مارکیٹیں کھل گئیں اور ٹرانسپورٹ بھی سٹرکوں پر رواں دواں ہے۔ تاہم وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ اگر ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو سخت فیصلے کریں گے۔
پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں کورونا کے باعث لگنے والا لاک ڈاؤن ختم ہوا تو صوبہ بھر میں کاروباری مراکز، پبلک ٹرانسپورٹ، شاپنگ مالز اور دفاترکھل گئے، تاہم بازاروں کے اوقات کار تبدیل ہو گئے ہیں۔کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں کاروباری مراکز کھل گئے ہیں، سرکاری و نجی دفاتر بھی کھل گئے، تاہم دفاتر میں حکومتی احکامات کے پیش نظر 50 فیصد عملے کے ساتھ کام ہوگا۔