شہباز شریف کیخلاف اربوں کی کرپشن کے کیسز، قومی دولت لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے:وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں۔ قومی دولت لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعظم نے یہ بات اپنے زیر صدارت ہونے والے حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران شہباز شریف کے مقدمات سمیت اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔ احتساب کا عمل اور قانون کی حکمرانی کی جدوجہد جاری رہے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسرائیلی بربریت کےخلاف جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کی تجویز دی گئی۔ وزیراعظم نے سرکاری سطح پر یوم احتجاج منانے کیلئے تیاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم کو عالمی وبا کورونا وائرس کی صورتحال اور مہنگائی سمیت مختلف امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی میں کمی کیلئے ہر ممکن انتظامی اور پالیسی فیصلے کر رہی ہے۔
انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ مثبت معاشی اعشاریوں کا فائدہ براہ راست عوام کو ملنا چاہئے۔ آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جائے۔
وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں دورہ سعودی عرب پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی منتقلی سمیت تمام امور پر فالو اپ لینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کا شہباز شریف کو ٹیلی فون۔۔حکومت کیخلاف اہم فیصلہ کرلیا