قو می اسمبلی میں شہباز شریف کا جذباتی خطاب۔۔ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور بمباری کی شدید مذمت

May 17, 2021 | 19:08:PM

(24 نیوز)قو می اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا دبنگ خطاب، فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے آخری عشرے میں مسجد اقصیٰ میں نہتے نمازیوں پر حملے کیے گئے اور معصوم فلسطینی عوام پر اسرائیلی فضائیہ نے وحشیانہ بمباری کی۔
تفصیلا ت کے مطابق قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسجد اقصیٰ میں نہتے نمازیوں پر حملے کیے گئے اور دمشق دروازے پر ظلم کیا گیا، اسرائیلی فضائیہ نے جس طرح وحشیانہ بمباری کی اور سیکڑوں گھر تباہ و برباد کردیے گئے، یہ تمام چیزیں انتہائی قابل مذمت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی مختلف ادوار میں اسرائیل کی حکومت اور فوج فلسطین کے نہتے باشندوں پر جو ظلم و ستم ڈھاتی رہی ہے وہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، پوری دنیا اس سے آگاہ ہے مگر اس مرتبہ مشرقی یروشلم میں انتہا پسند یہودیوں نے مارچ کیا اور 'عربوں کی موت' کے دن رات نعرے لگاتے رہے اور پوری دنیا نے یہ دلخراش مناظر دیکھے۔مسلم لیگ(ن) کے رہنما نے کہا کہ ہیومن رائٹس واچ نے اپنی تازہ ترین ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیل مقبوضہ علاقوں میں نسلی امتیاز جیسے جرائم میں ملوث ہے اور کم و بیش اسی طرح کی صورتحال مقبوضہ کشمیر میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب ورطہ حیرت میں چلے گئے جب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا یہ بیان آیا کہ آرٹیکل 370 بھارت کا اندرونی معاملہ ہے اور مجھے توقع نہیں تھی کہ یہ اس طرح کا بیان دیں گے جس نے ہمارے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مقاصد کو ہلا کر رکھ دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ دنیا سے کوئی بھی یہودی خاندان یا فرد اسرائیل آ کر بستا ہے تو اسے وہاں زمین کا مالک بنایا جاتا ہے، اسی سرزمین پر فلسطینیوں کے آباو اجداد صدیوں سے رہ رہے ہیں لیکن ان کو ان کے گھروں سے نکال کر غلام بنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے بھی یہی حربہ اپنایا ہے، کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا ہے، آرٹیکل 370 ختم کرکے کشمیر میں مستقل لاک ڈاو¿ن لگایا ہے اور ہندوستان میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں سے سوتیلی ماں کا سلوک روا رکھا ہوا ہے۔انہوں نے وزیر خارجہ سے مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر پر لابنگ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ دنیا بھر میں جہاں بھی ممکن ہو وہ اس حوالے سے آگاہی بیدار کریں کہ اسرائیل اور بھارت کے ناپاک عزائم ہیں، دونوں میں بے پناہ مماثلت ہے۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ 1948 سے اب تک 60 سے 70 لاکھ فلسطینی ان کو اپنے گھروں سے بے گھر کیا گیا اور دنیا کے مختلف کونوں میں وہ خیمہ زن اور پناہ گزیں ہیں جبکہ دوسری اور تیسری نسل اس بدترین ظلم کا شکار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی بمباروں نے غزہ میں اندھا دھند بمباری کی ہے، پوری دنیا نے دیکھا کہ کس طرح ایک بلند عمارت کو مسمار کیا گیا جس میں کئی لوگ رہائش پذیر اور مختلف دفاتر بھی ہیں، کبھی بھی دیکھتی آنکھ نے اس طرح کی سفاکی نہیں دیکھی کہ آپ گنجان آبادی میں آسمان سے اندھا دھند گولے برسائیں اور بے گناہ و نہتے لوگوں کو شہید کریں۔مسلم لیگ(ن) کے رہنما نے کہا کہ اوسلو کے سمجھوتے کو انہوں نے پھاڑ کر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا، مرحوم یاسر عرفات اور  بیگن کو امن کا نوبیل انعام تو ملا لیکن ایک آزاد اور خود مختار فلسطین کا قیام آج تک نہ ہو سکا اور پھر کشمیر کی طرح سلامتی کونسل میں فلسطین کی قراردادیں ہیں ان کو حقارت سے ٹھکرا دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ملتان میں بھی لیگی رہنما کی پراپرٹی مسمار کردی گئی، ویڈیو وائرل

مزیدخبریں