پاکستان میں مالی استحکام برقرار رکھنے کیلئے چین کا بڑا فیصلہ

May 17, 2022 | 12:40:PM

(24 نیوز)چینی وزیراعظم لی کی کیانگ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کا مالی استحکام برقرار رکھنے کیلئے تعاون کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین بات چیت روایتی گرمجوشی اور دوستی کے ماحول میں ہوئی جو پاک چین تعلقات کی پہچان ہے۔

وزیراعظم نے چین کی حکومت اور عوام سے کراچی یونیورسٹی میں دہشت گرد حملے پر تعزیت کا اظہار کیا جس میں تین چینی سکالرز اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

وزیراعظم نے متاثرین کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار اور دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اس مجرمانہ فعل کے مرتکب افراد کو پکڑنے اور انہیں ملکی قوانین کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے مکمل تحقیقات کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقتصادی منصوبوں اور اداروں پر پاکستان میں کام کرنے والے تمام چینی شہریوں کے تحفظ اور سلامتی  کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے چینی ہم منصب کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے لئے پرعزم ہے۔

شہباز شریف نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی ترقی کیلئے چین کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور بنیادی مفاد کے تمام معاملات پر چین کی حکومت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سی پیک کے تحت جاری اور نئے منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کیلئے اپنی حکومت کے پختہ عزم کی توثیق کی جس نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بے پناہ تعاون کیا۔

انہوں نے خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیز) کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال کرنے کے لئے دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے مابین مل کر کام کرنے اور تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان اور چین کی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے ان چینی حکام کے تجربے سے سیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا جنہوں نے اپنے صوبوں میں ایس ای زیز قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیر اعظم نے ایم ایل ون منصوبہ سمیت دونوں ممالک کیلئے سٹرٹیجک اہمیت کے حامل منصوبوں  کیلئے  چین کے ساتھ مل کر نئے جوش اور ولولے کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے 19 مئی کا جلسہ منسوخ کیوں کیا؟ وجہ سامنے آ گئی

چین کے وزیراعظم لی نے یقین دلایا کہ چین اقتصادی تعاون بڑھانے، تجارت کو وسعت دینے اور چین سے پاکستان میں زیادہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے تیار ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس خیال کا اظہار کیا کہ پاک چین ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو دونوں ممالک کے عوام کے اہم مفادات کے ساتھ ساتھ تغیر پذیر علاقائی اور عالمی ماحول کے تناظر میں امن و استحکام کے وسیع تر مفادات کیلئے جاری رہنا چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی حکومت کے تین ڈی آئی جی تبدیل

مزیدخبریں