’قائد ہم شرمندہ ہیں‘: ملک کی نامور شخصیات کا موجودہ ملکی صورتحال پر اظہار خیال

May 17, 2023 | 13:27:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) ملک کی اہم شوبز اور سماجی شخصیات نے ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں اپنے خیالات کا اظہار اور عوام کو امن اور تحمل کا پیغام دیا ہے۔

اس حوالے سے اداکار فہد مصطفی نے کہا کہ پاک فوج عظیم ہے، انکی قربانیاں اس ملک کیلئے ہم سب جانتے ہیں، ہر مشکل گھڑی میں پاک فوج ہمارے ساتھ کھڑی رہی، پاک فوج سے بغض رکھنا پاکستان سے دشمنی کرنے کےبرابر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی سیاست ضرور کریں لیکن پاک فوج کو درمیان میں نہ لائیں۔

اسی حوالے سے معروف سماجی کارکن رمضان چھیپا کا کہنا تھا کہ سرکاری و نجی املاک پر حملے، چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی نہ اسلامی کلچر ہے نہ سیاسی و جمہوری کلچر ہے اور نہ ہی انسانیت کی کوئی خدمت ہے۔ 

یہ بھی پڑھیے: ’جناح ہاؤس میں حملے کے وقت پی ٹی آئی کارکن دیکھے‘

’اپنے ہی ہاتھوں سے خود کو نقصان پہنچانا کہاں کی عقلمندی ہے، اپنی ہی املاک کو نذر آتش کرنا کہاں کا انصاف ہے؟ اس طرح کے واقعات سے دنیا بھر میں ہمارا امیج متاثر ہوتا ہے‘۔

اس تناظر میں ایک بزرگ خاتون شہری نے کہا ’قائد ہم آج شرمندہ ہیں اور ہم واقعی شرمندہ ہیں، کیا تربیت کی ہے ان کی ماؤں نے میں ان سے یہ پوچھتی ہوں جنھوں نے پاکستان کو جلایا اور جو ہمارے شہیدوں کی تصویروں کے ساتھ کیا ہے، کیا تربیت کی ہے انکی ماؤں نے، میرے دوبچے ان شہیدوں پر قربان، میں اپنی فوج اور پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوں‘۔

معروف اداکار فخر عالم کہتے ہیں ’مجھے فخر ہے افواج پاکستان پر اور میں افواج پاکستان کیساتھ کھڑا ہوں، پاکستان زندہ باد‘

ٹی وی میزبان شازیہ خان کا کہنا تھا ’کیا شہداء کی بچیوں نے اپنی ماؤں سے پو چھا نہ ہو گا کہ انہی شرپسندوں کیلئے میرے باپ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، آج شہید کی ماں کی ممتا، اسکی بیوہ کی بیوگی، اسکے یتیم بچے، اسکے افسردہ بھائی بہن تم سے سوال کررہے ہیں کہ جو کام دشمن نہ کرسکا وہ تم کیسے کرگئے؟‘