(ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے چیف جسٹس عمر عطابندیال کو عمران خان کی پیشی پر دیئے جانے والے ریمارکس پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ "ہمیں سزا سنانے والے 60 ارب لوٹنے والے کا استقبال کرتے ہیں, کون کرے گا ایسے عدل کا احترام؟"۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے نواز شریف نے لکھا کہ "بیٹے سے چند ہزار درہم تنخواہ نہ لینے پر مجھے نا اہل کروا کر جیل پھینک دیا گیا اور دوسری طرف ایک ثابت شدہ کرپٹ کو صادق اور امین بنا کر اللہ کے آخری رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مقام کی توہین کی گئی۔"
انہوں نے مزید لکھا کہ "ہمیں سزا سنانے والے، 60 ارب لوٹنے والے کا استقبال کرتے ہیں۔ کون کرے گا ایسے عدل کا احترام ؟"
واضح رہےکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کےبعد سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر چیف جسٹس نے عمران خان کو دیکھ کر کہا تھا "ویلکم خان صاحب! آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔" جس پر چیف جسٹس عمرعطا بندیل کو کافی سیاسی تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے وضاحت بھی پیش کی۔