(24 نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب کے سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت سینئرصوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے رائس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کالا شاہ کاکو میں منعقدہ کاشتکاروں کو پاک سیڈرزاور رائس سٹرا شریڈر کی فراہمی کیلئے محکمہ زراعت کے زیر انتظام تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی و ممبران صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول، احسن ریاض اور رانا افضال نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئرصوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کاشتکاروں سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا جا رہا ہے۔ سموگ کی وجہ سے لاہور ڈویژن سمیت کئی بڑے شہروں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سموگ بننے کی وجوہات میں دھان کی باقیات کو آگ لگانا بھی شامل ہے اسی لئے 8 ارب روپے کی کثیر لاگت سے آج صوبہ کے 21 اضلاع میں کاشتکاروں کو 5 ہزار پاک سیڈرز اور 2 ہزار رائس سٹرا شریڈرز فراہم کئے جا رہے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کاشتکاروں کی فلاح کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ اس ضمن میں 400 ارب روپے کے ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پلان پر عمل درآمد جاری ہے۔ جس کے تحت کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ گزشتہ دور حکومت میں زراعت کی ترقی کیلئے کوئی بھی خاطر خواہ کام نہیں کیا گیا جس سے کاشتکاروں کی حالت زار زبوں حالی کا شکار ہے۔ موجودہ حکومت کاشتکاروں کی فلاح کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خواب ہے کہ پنجاب کے تمام کاشتکاروں کو سپرسیڈارز اور شریڈرز فراہم کئے جائیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ زراعت کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔ وزیرا اللہ پنجاب کے ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام کے تحت کا 150 ارب روپے کے بلا سود قرضوں کی فراہمی کے لیے کسان کارڈ کا جلد اجرا کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ 80 ارب روپے کی لاگت سے 7300 کھالہ جات کو پختہ کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 12 ارب روپے کی لاگت سے کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری و آلات فراہم کیے جائیں گے۔ موجودہ حکومت کاشتکاروں کی ترقی کے لیے ایک واضح روڈ میپ پر عمل درامد کر رہی ہے جس کے ثمرات جلد ملنا شروع ہو جائیں گے۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب نے وزیراعلی پنجاب کے سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت آج 21 اضلاع میں شفاف قرعہ اندازی کا اہتمام کیا ہے محکمہ زراعت کو پاک سیڈر اور رائس سٹرا شریڈرر کے لیے 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی جس کے تحت شفاف طریقے سے 7 ہزار خوش نصیب کاشتکاروں کو یہ جدید زرعی مشینری فراہم کی جائے گی جس سے دھان کی باقیات کی تلفی اسانی سے ممکن ہوگی اور سموگ کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔ تقریب میں محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: مسجد سے چوری کرنے والے شخص کا کیا انجام ہوا؟ جان کر روح کانپ اٹھے